سمندری طوفان ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل، کراچی اور زیریں سندھ میں ہلکی اور موسلا دھار بارش، بجلی بند

اسٹاف رپورٹر / نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 1 نومبر 2014
بارش کے باعث شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے رات بغیر بجلی کے گزاری۔  فوٹو: فائل

بارش کے باعث شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے رات بغیر بجلی کے گزاری۔ فوٹو: فائل

کراچی / حیدر آباد: بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان نیلوفر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا  اور اب اس کا رخ بھارتی ساحل کی طرف ہے جس کے اثرات کے باعث کراچی اورحیدرآباد سمیت زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم میں تبدیلی آگئی۔

قحط زدہ صحرائے تھرپارکر بھی دن بھر سیاہ گھٹاؤں کی چھاؤں میں رہا تاہم رات میں مٹھی اور اس کے گردو نواح میں بوندا باندی ہوئی، ٹھٹھہ اور ساحلی علاقے کے ٹی بندر میں موسلادھار بارش نے جل تھل کردیا، جھڈو میں بھی رات کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان نیلوفر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہونے کے بعد شہر سمندری طوفان سے محفوظ رہا تاہم اس کے اثرات کے باعثکراچی میں جمعے کی شب گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہا ، بارش کے باعث اہم شاہراہوں پرپانی جمع ہوگیا ۔

جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ،بارش نے بلدیاتی اداروں کی بھی قلعی کھول دی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہرکی سڑکیں زیرآب آگئی اور گٹروں سے ابلنے والا غلیظ اور بدبوار پانی علاقوں میں پھیل گیا ، شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باوجود بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین گھروں میں آرام کرتے رہے، بارشوں کے پیشگی اطلاع کے باوجود کے الیکٹرک بجلی کی بحالی میں میں ناکام رہا اور بارش کے باعث شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے رات بغیر بجلی کے گزاری جبکہ کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن اور شکایتی مراکز کے فون بھی عملہ ریسیو کرنے سے گریز کرتا رہا ۔

کے الیکٹرکے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کراچی کے1400 میں سے120 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں اور ان کی بحالی کا کام بتدریج جاری تھا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان نیلوفر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا ہے اور امکان ہے کہ آئندہ 12 سے 14 گھنٹوں ختم ہوجائے گا ، مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل سواروں سمیت دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ بن قاسم کے علاقے میں شہزور ٹرک اور ٹریلر میں تصادم میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان نیلوفر آج صبح تک بھارت کے مغربی ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

جس سے نمٹنے کیلیے نیشنل ڈیزاسٹر فورس کی نو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ طوفان کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں ایک سو تیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے بڑی تباہی کا امکان ہے۔ گجرات کے حکام نے دو سو سے زائد امدادی کیمپ قائم کردیے ہیں جہاں لوگوں کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، اسکول اور کالجز بند کر کے40 گاؤں خالی کروا لیے گئے ہیں۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کراچی میں بارش کے دوران پیر آبادکے علاقے فرنٹیئرکالونی میںکرنٹ لگنے سے 40 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا جبکہ لانڈھی کے علاقے چراغ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔