ابوظہبی ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط، مجموعی برتری 370 رنز کی ہوگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 نومبر 2014
پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یونس خان نے شاندار  ڈبل سنچری اور اظہر علی اور مصباح الحق نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔ فوٹو؛ گیٹی امیجز

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یونس خان نے شاندار ڈبل سنچری اور اظہر علی اور مصباح الحق نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔ فوٹو؛ گیٹی امیجز

ابوظہبی: ابو ظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگرز میں دو وکٹ گنوا کر 61 رنز بنا لیے اس طرح پاکستان کو آسٹریلیا پر 370 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگرز میں 261 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ 

اگرچہ آسٹریلیا کی ٹیم فالوآن ہوگئی تھی تاہم پاکستان نے آسٹریلیا کو بیٹنگ دینے کی بجائے دوسری اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن پاکستان کو جلد ہی احمد شہزاد اور محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ دونوں وکٹیں مچل جانسن نے حاصل کیں۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 61 رنز بنا لیے تھے یونس خان 16 اور اظہر علی 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روزآسڑیلیا نے پاکستان کے 570 رنز کے جواب میں اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 22 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو ڈیوڈ وارنر زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور انہیں 34 کے مجموعی اسکور پر راحت علی نے یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ جارح مزاج کھلاڑی میکسویل 28 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ اسٹیون اسمتھ کو بھی ذوالفقار بابر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ نائٹ واچ مین ناتھن لیون 15 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ قومی بولنگ کے سامنے کوئی کینگروز بلے باز کھل کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 261 رنز پر ڈھیر ہوئی جبکہ مچل مارش 87 اور کپتان مائیکل کلارک 47 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 3، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان کی شاندار  ڈبل سنچری اور اظہر علی اور مصباح الحق کی سنچریوں کی بدولت 570 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ گزشتہ روز جب آسڑیلیا نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو عمران خانے کرس روجرز کو 21 کے مجموعے پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا اور پھر امپائرز کو کم روشنی کی وجہ سے دوسرے روز کا کھیل ختم کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔