پاکستان پولیو پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست، عالمی ادارہ انسداد پولیو

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 نومبر 2014
پولیو وائرس پھیلانے والے ممالک کی فہرست میں افغانستان 12 اور نائجیریا 6 پولیو کیسز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پرہے، رپورٹ ۔ فوٹو؛فائل

پولیو وائرس پھیلانے والے ممالک کی فہرست میں افغانستان 12 اور نائجیریا 6 پولیو کیسز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پرہے، رپورٹ ۔ فوٹو؛فائل

اسلام آباد: عالمی ادارہ برائے انسداد پولیو کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان پولیو پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست ہے جبکہ ملک میں مزید 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پولیو مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے پولیو سے متعلق 5 نومبر کو اجلاس طلب کرلیا۔

پولیو وائرس پھیلانے والے ممالک کی فہرست میں افغانستان 12  کیسز کے ساتھ دوسرے اور نائجیریا 6 پولیو کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے، رواں سال پاکستان میں 200 سے زائد پولیو کیسز کے ساتھ 14 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا جبکہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی ادارہ کی رپورٹ کے باوجود ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ آج سامنے آنے والے 4 کیسز میں سے 3 کا تعلق بلوچستان اور ایک کیس فاٹا سے رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں پولیو مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن، ائیرپورٹ سمیت آمدورفت کے مختلف مقامات پر 1 کروڑ 10 لاکھ افراد کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے گئے جبکہ گذشتہ سال پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پینے والوں کی تعداد 80 لاکھ تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے پولیو سے متعلق اجلاس 5 نومبرکو طلب کرلیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائےاعلیٰ،چیف سیکریٹریزاورسیکریٹری ہیلتھ کو بھی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گورنرخیبرپختونخوا کو فاٹا کی صورت حال کے باعث بھی طلب کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔