30 نومبر کو حکومت سے تمام مظالم کا حساب لیں گے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 نومبر 2014
کسی سیاسی جماعت کا جلسہ ہمارے دھرنے کا مقابلہ نہیں کرسکتا، عمران خان، 
فوٹو: فائل

کسی سیاسی جماعت کا جلسہ ہمارے دھرنے کا مقابلہ نہیں کرسکتا، عمران خان، فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا وہ اسے نہیں روک سکتے ہم اس روز حکومت سے تمام مظالم کا حساب مانگیں گے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ کسی سیاسی جماعت کا جلسہ ہمارے دھرنے کا مقابلہ نہیں کرسکتا، دھرنے نے قوم کو جگا دیا ہے اور اب بچہ بچہ ظالم اور مظلوم کو جان چکا ہے، پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے پر دھرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں لیکن جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو حکومت نے بجلی کیوں مہنگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنے میں آکر میرا حوصلہ بڑھا دیا ہے اور اب میں اصل میچ کے لیے تیار ہورہا ہوں، حکومت 30 نومبر سے ڈری ہوئی ہے اور ہمارے لوگوں کو دھمکا رہی ہے لیکن ہر کوئی نوازشریف کی طرح بزدل نہیں ہوتا، نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا نہ وہ اسے روک سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے گلو بٹ اسے روک پائیں گے ہم اس روز حکومت سے تمام مظالم کا حساب لیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جے یو آئی والوں کو دھرنے میں  موجود خواتین سے متعلق بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، بتایا جائے کہ ہم نے دھرنے میں اپنے کلچر کے خلاف کیا بات کی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان یاد رکھیں انہیں اگلے الیکشن میں ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔