شائقین کیلیے پسندیدہ فٹبالرکے قریب دفن ہونے کا موقع

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 2 نومبر 2014
قبرستان میں فنکشن روم کے علاوہ، باغات، ریستوران، جھیل اور ایک قدرتی پناہ گاہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

قبرستان میں فنکشن روم کے علاوہ، باغات، ریستوران، جھیل اور ایک قدرتی پناہ گاہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

ساؤ پاؤلو: برازیلین فٹبال کلب کورنتھینز اپنے مداحوں کیلیے قبرستان تیار کرنے جارہا ہے۔

جس میں انھیں مرنے کے بعد اپنے پسندیدہ فٹبالرز کے پہلو میں دفن ہونے کا موقع مل سکے گا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ساؤپاؤلو کے نزدیک قائم شدہ اس مخصوص قبرستان کا نام’’ کورنتھینز فار ایور( سدا کیلیے کورنتھینز میں) رکھا گیا ہے، اس میں کلب شائقین کیلیے 70 ہزار پلاٹ موجود ہیں، یہ ٹیم کے بعض معروف اور نامورکھلاڑیوں کی آخری قیام گاہ کے طور پر بھی استعمال ہوگا، واضح رہے کہ برازیل میں کورنتھینز کے مداحوں کی تعداد ڈھائی کروڑ تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے، اس منصوبے کے چیف ایگزیکٹیو ریکارڈو پولیٹو نے بتایا کہ اس قبرستان میں فنکشن روم کے علاوہ، باغات، ریستوران، جھیل اور ایک قدرتی پناہ گاہ ہوگی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ کورنتھینز اب ان چند فٹبال کلبز میں شامل ہوگیا جو اپنے مداحوں کومخصوص قبرستان فراہم کرتے ہیں، اس فہرست میں میں ارجنٹائن کا کلب بوکا جونیئرز بھی موجود ہے، کورنتھینز کے مداح خودکو’’ وفادار‘‘کہتے جبکہ مخالفین انھیں ’’خبطی گینگ‘‘ سمجھتے ہیں، پلاٹ کی قیمت 1870 سے3240 امریکی ڈالرکے درمیان ہوگی،اس کا انحصار رقبے اور وہاں دفن مشہورکھلاڑی کی قبر سے قربت پر ہوگا، کلب کے حامیوں کا کہنا ہے کہ لوگ اس قبرستان کا خیرمقدم کرتے ہیں، وہ اسٹیڈیم میں پُرجوش حمایت کے بعد آخر میں پُرسکون طور پر فٹبالرزکے ساتھ رہنا پسندکریں گے،گذشتہ ماہ حکام نے کلب کومتنبہ کیا تھا کہ اپنے مداحوں اور پرستاروں کومقابل ٹیم بطور خاص روایتی حریف ساؤ پاولو کو مغلظات بکنے سے باز رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔