کراچی، جلوس پر حملے کا منصوبہ ناکام، 5 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 3 نومبر 2014
 ملزم فرحان عرف گڈو نے 9 محرم الحرام کے جلوس میں شامل ہوکرخود کو دھماکے سے اڑانا تھا۔فوٹو: ایکسپریس

ملزم فرحان عرف گڈو نے 9 محرم الحرام کے جلوس میں شامل ہوکرخود کو دھماکے سے اڑانا تھا۔فوٹو: ایکسپریس

کراچی: سی آئی ڈی پولیس نے9محرم کے جلوس پر خود کش حملہ کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا، کالعدم تنظیم کے پانچ کارندوں کو گرفتار کرکے بارود سے بھری موٹر سائیکل،بال بم اور بڑی تعداد میں دیگر اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے پولیس افسران کی ہٹ لسٹ بھی برآمد ہوئی ہے، ادھراورنگی ٹائون میں نامعلوم ملزمان نے حلیم پکانے کی تیاری میں مصروف افراد پر کریکر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت17 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق  سی آئی ڈی کے انسداد انتہا پسندی سیل کے ڈی ایس پی علی رضا نے گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں قائم اپنے دفتر میں اتوار کی شب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 5ملزمان عظیم احمد، شاہ جہاں عرف احمد علی عرف عدنان، فرحان عرف گڈو، عمران حسین عرف ٹھیکیدار اور محمد شاکر کوگرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد سے بھری موٹر سائیکل برآمد کی گئی جسے ملزم فرحان عرف گڈو نے 9 محرم الحرام کے جلوس میں شامل ہوکر دھماکے سے اڑانا تھا۔

ملزمان نے دہشت گردی کی اور بم بنانے کی تربیت حاصل کی ہے ، اس کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی دہشت گردی کے منصوبے بنائے ہوئے تھے ، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ وہ کراچی سے معصوم افراد کو ورغلا کر دہشت گردی کی تربیت کے لیے وزیرستان بھیجتے رہے ہیں ، ملزمان کے قبضے سے حاصل ہونے والی ہٹ لسٹ میں سی آئی ڈی اور پولیس افسران کے ناموں کے ساتھ ساتھ نیو کراچی کے سابق ایس ایچ او کا نام بھی شامل ہے ، اس کے علاوہ ایک سیاسی مخالف جماعت کے دفتر پر حملہ بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔

علی رضا کے مطابق سی آئی ڈی کی کارروائی کے نتیجے میں شہر بڑی تباہی سے بچ گیا، علاوہ ازیںاورنگی ٹائون چار نمبر پر ڈاکخانہ کے قریب گلی میں واقع طالب حسین نامی شخص کے گھر کے باہر حلیم پکانے کی تیاری کی جارہی تھی، پولیس کے مطابق اس سلسلے میں گھر کے باہر شامیانہ لگا ہوا تھا جس میں خواتین ، بچوں اور مردوں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جوکہ خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا، اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری اور امدادی رضاکاروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

دھماکے سے شامیانے میں موجود افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 19 سالہ حسنین ولد طالب حسین ، 13 سالہ سویرا دختر کمال احمد ، 18 سالہ تسبیحہ دختر جاوید اٹھارہ ، 35 سالہ امبرینہ زوجہ کمال پینتیس ، 45 سالہ کمال ولد ممتاز ، 7 سالہ عروسہ دختر کمال ، 25 سالہ صداقت علی ، 25 سالہ ثمرین دختر ہارون ، 40 سالہ سلمیٰ زوجہ ہارون ، 12 سالہ اسامہ ولد عتیق ، 12 سالہ قاسم ولد شہزاد ، 12 سالہ محسن ولد علی فرمان ، 13 سالہ فیاض گل ولد فضل گل ، 40 سالہ آمنہ زوجہ محمد ظفر ، 12 سالہ اقرا دختر ظفر ، 5 سالہ دعا دختر ظفر اور 21 سالہ عامر ولد محمد علی شامل ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمی افراد کو طبی امداد کے بعد فارغ کرکے گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔