آسٹریلیا سے سیریز، پاکستانی اسپنرز ذوالفقار اور یاسر چھائے رہے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 4 نومبر 2014
 یونس خان نے دو میچز کی باہمی سیریز میں 468 رنزبٹورکربہترین پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز پایا، ان کی اوسط 156 رہی۔  فوٹو : اے ایف پی

یونس خان نے دو میچز کی باہمی سیریز میں 468 رنزبٹورکربہترین پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز پایا، ان کی اوسط 156 رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

ابو ظبی: آسٹریلیا سے سیریز پاکستانی بیٹسمینوں اور بولرز کیلیے فائدے کا سودا ثابت ہوئی، یونس خان نے دو میچز کی باہمی سیریز میں 468 رنزبٹورکربہترین پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز پایا، ان کی اوسط 156 رہی۔

جس میں ان کی بہترین کاوش 213 رنز ہے، اظہر علی 97.33 کی اوسط سے 292 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ان کا بہترین انفرادی اسکور 109رنز رہا، کپتان مصباح الحق نے بھی رنزکی بہتی ندیا میں ہاتھ دھوئے، انھوں نے 135.50 کی اوسط سے 271 رنز بنائے،احمد شہزاد نے 183 اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے 143رنز اپنے نام جوڑکر سیریز کے پانچویں بہترین پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز پایا، حفیظ تین اننگز میں موقع ملنے کے باوجود محض48رنز بناپائے، بولنگ میں بھی پاکستانی اسپنرز چھائے رہے۔

ابوظبی کی دوسری اننگز میں 5 شکار کرنے والے ذوالفقار بابر نے مجموعی طور پر 14وکٹیں لیں، یاسر شاہ نے بھی ڈیبیو سیریز کو 12وکٹوں کی پرفارمنس سے یادگار بنالیا، عمران خان 5 جبکہ محمد حفیظ اور راحت علی کے حصے میں 4،4 وکٹیں آئیں۔دوسری جانب آسٹریلیا کیلیے ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 239رنز جوڑے، ابوظبی میں 97 پر میدان بدر ہونے والے اسٹیون اسمتھ 174 مجموعی رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ مچل مارش 164 رنز بناکر تیسرے نمبر پر رہے، فاسٹ بولرمچل جونسن 6 وکٹوں کے ساتھ کامیاب کینگرو بولر بنے، اسٹیو اوکیف نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔