منگھوپیر:5افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، دیگر واقعات میں3افراد جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 نومبر 2014
چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ ٹینری روڈ پر فائرنگ سے 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔  فوٹو: فائل

چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ ٹینری روڈ پر فائرنگ سے 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب سے5افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں تشددکا نشانہ بنانے کے بعدفائرنگ کر کے قتل کیاگیا جبکہ فائرنگ کے دیگرواقعات میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق 9محرم الحرام کو منگھوپیر تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس  مائی گاڑھی کے پہاڑی علاقے سے قمیص شلوارمیں ملبوس 5افراد کی لاشیں ملیں۔ اطلاع ملنے پرایس پی کیماڑی الطاف لغاری، ایس ڈی پی او شیرشاہ قمرزمان، ایس ایچ اوموچکو، ایس ایچ اومنگھو پیراور دیگرپولیس افسران واہلکار جائے وقوعہ پرپہنچ گئے اورلاشوں کوتحویل میں لینے کے بعدضابطے کی کارروائی کے بعد ایمبولنسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس پی کیماڑی الطاف لغاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ قتل کیے جانے والے4 افراد باریش تھے جبکہ ایک شخص کی ہلکی ڈاڑھی تھی۔ پانچوں افراد کے ہاتھ پشت پربندھے ہوئے تھے اورسر پر ایک ایک گولی مارکر قتل کیاگیا۔ پولیس کوجائے وقوعہ سے 9MM پستول کے 3اور پوائنٹ ٹوٹورائفل کے 2خالی خول بھی ملے ہیں۔

انھوں نے بتایاکہ مقتولین کے پاس سے کوئی ایسی چیزبرآمد نہیں ہوئی جس سے ان کی شناخت ہوسکے۔ ضابطے کی کارروائی کے بعدلاشیں ایدھی سردخانے منتقل کردی گئیں۔ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبرڈیڑھ النورسوسائٹی ضیاکالونی میںواقع مکان میںپراسرار فائرنگ کے واقعے میں23سالہ ذوہیب ولدیونس مسیح جاںبحق ہوگیا۔ نوجوان لاہورکا رہائشی تھااور اپنے سسرکے گھرآیا ہواتھا۔ پولیس کا کہناہے کہ جاںبحق نوجوان نے ایک سال قبل عائشہ نامی لڑکی کوگھرسے بھگاکر شادی کی تھی جس کے باعث لڑکی اورلڑکے کے گھروالوں میںاختلافات تھے۔ پولیس کوجائے وقوعہ سے ایک پستول بھی ملاجس کے بارے میں ذوہیب کے سسرسلیم مسیح ولد عنایت مسیح کاکہنا ہے کہ ذوہیب نے اسی پستول سے اپنے پیٹ میںگولی مارکر خودکشی کی تاہم پولیس کوواقعہ خودکشی نہیں لگتا۔

نوجوان کے پاس سے سیالکوٹ عدالت میںجمع کرائی جانے والی ایک درخواست کی فوٹوکاپی بھی ملی ہے جس میں ذوہیب نے موقف اختیارکیا ہے کہ اگراسے کچھ ہواتو اس کے ذمے داراس کے سسرال والے ہوںگے۔ پولیس نے مقتول ذوہیب کے سسر کوحراست میں لے کرتفتیش شروع کردی ہے۔ سعیدآباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر9 کباڑی مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 22سالہ محمدسلیم ولدامان اﷲ کوزخمی کردیا جسے فوری طورپر سول اسپتال منتقل کیاگیا جہاںزخمی شخص دوران علاج دم توڑگیا۔ ایس ایچ او نویدناصر نے ایکسپریس کو بتایاکہ مقتول بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اورگورکن تھا۔ مقتول کوڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پرقتل کیاگیا۔چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ ٹینری روڈ پر فائرنگ سے 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی ۔

پولیس کے مطابق لیاری گینگ وار کے کارندے ایک مغوی شخص کو اپنے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیٹھا کر لائے تھے جس کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی جس کے بعد انھوں نے مغوی شخص کو سر پر ایک گولی مار کر قتل کر دیا ، مقتول کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کرنے والے گینگ وار کے گروپ کا تعین نہیں ہوسکا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہے ، قائد آباد کے علاقے فرین چوک پر جھگڑے کے دوران کی جانے والی فائرنگ سے 7 سالہ فیروز اور 35 سالہ احمد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔