وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے انسداد پولیو فوکس گروپ قائم کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 5 نومبر 2014
پولیو کے خاتمے میں غفلت کوجرم سمجھتا ہوں اس لئے صوبے پولیوکے خاتمے کیلئے موثراقدامات کریں،وزیراعظم ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پولیو کے خاتمے میں غفلت کوجرم سمجھتا ہوں اس لئے صوبے پولیوکے خاتمے کیلئے موثراقدامات کریں،وزیراعظم ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے ملک بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے انسداد پولیو فوکس گروپ قائم کردیا جو ہر 15 روز بعد وزیراعظم کو رپورٹ کرے گا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرااعلی، وفاقی وزرا سمیت عالمی اداروں کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پروزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر سے اس موذی مرض کا 6 ماہ میں خاتمہ کردیں گے جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم نے کابینہ ارکان پر مشتمل انسداد پولیو فوکس گروپ قائم کرنے کا اعلان کیا جس میں وزارت صحت، دفاع اور داخلہ شامل ہیں جو ہر 15 روز بعد وزیراعظم کو پولیو کے حوالے سے پیشرفت سے متعلق آگاہ کرے گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوسرے ملکوں کی نسبت پاکستان میں پولیو مہم میں مشکلات درپیش ہیں جس کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے تمام اقدامات کریں گے،پاکستان کا ہربچہ عزیز ہے اور کسی کو معذور نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں غفلت کو جرم سمجھتا ہوں اس لئے صوبے پولیو کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کریں اور ہم نے پولیو کے خلاف لڑائی ہر حال میں جیتنی ہے جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اس لئے اس مہم کی خود نگرانی کررہا ہوں۔

پولیو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت عالمی اداروں اور تنظیموں کے حکام بھی شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔