تحریک انصاف کے ایک اور رکن قومی اسمبلی کا مستعفی ہونے سے انکار

ویب ڈیسک  جمعرات 6 نومبر 2014

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سراج محمد خان کا استعفی منظور نہ کرنے کی استدعا منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این اے 6 نوشہرہ سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سراج محمد خان نے تحریری طور پر اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تھی کہ ان کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے جسے اسپیکر ایاز صادق نے منظور کرلیا جبکہ تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے استعفے اسپیکر کے پاس موجود ہیں تاہم اسپیکر سیکرٹریٹ نے تصدیق کردی ہے کہ سراج محمد خان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جارہا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مزید 2 رکن قومی اسمبلی سلیم الرحمان اورقیصر جمال بھی استعفیٰ منظور کرانا نہیں چاہتے جس کے لئے وہ اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی جانب سے پارٹی کے تمام ارکان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو منظوری کے لئے بھیجے جاچکے ہیں جبکہ اسپیکر نے ہدایت کی ہے کہ ہر رکن الگ الگ انٹرویو دے کراستعفوں کی وضاحت پیش کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔