کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں ایک روپے کمی کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 6 نومبر 2014
کرایوں میں کمی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی، فوٹو:فائل

کرایوں میں کمی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی، فوٹو:فائل

کراچی: سندھ حکومت سے مذاکرات کے بعد بھی کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ایک روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان بسوں کے کرائے کم کرنے کے لیے مذاکرات ہوئے جس میں کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے کرایوں میں ایک روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا، مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ایک روپے کمی کردی گئی ہے جس کے تحت ایک سے 5 کلو میٹر کا کرایہ 10 روپے اور 5 سے 7 کلو میٹر کا 14 روپے ہوگا جبکہ کم سے کم کرایہ 10 روپے ہی وصول کیا جائے گا۔

ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں کراچی میں بسوں کا کرایہ سب سے کم ہے لیکن حکومت ہمارے ساتھ زیادتی کررہی ہے، 2012 میں سی این جی قیمت کم ہونے پر ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کیے گئے تھے لیکن اب پیٹرول کی قیمت کم کرکےکرایوں میں کمی کا مطالبہ کیا جارہا ہےجب کہ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ کرایوں میں کمی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ شہر میں چنگ چی رکشوں کے خلاف بھی جلد کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔