کیویز کا شکار کرنے کیلیے پاکستان مہلک ہتھیاروں سے لیس

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 7 نومبر 2014
ٹیم کمبی نیشن اور کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کسی تبدیلی سے گریز کیا۔ معین خان فوٹو؛فائل

ٹیم کمبی نیشن اور کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کسی تبدیلی سے گریز کیا۔ معین خان فوٹو؛فائل

لاہور: آسٹریلیا کو پچھاڑنے کے بعد پاکستان اب کیویز کا شکارکرنے کیلیے بھی مہلک ہتھیاروں سے لیس ہوگا، سلیکٹرز نے پہلے ٹیسٹ کیلیے فاتح اسکواڈ سے کوئی چھیڑچھاڑ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک بار پھر فٹنس مسائل کا شکار ہونے والے پیسر وہاب ریاض کی واپسی موخر کردی گئی۔

آؤٹ آف فارم محمد حفیظ کی جگہ محفوظ رہی۔ چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کمبی نیشن اور کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کیلیے کسی تبدیلی سے گریز کیا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے کینگروز کو کلین سوئپ کرنے والا16رکنی اسکواڈ برقرار رکھنے کا اعلان کردیا، جس میں 4 اوپنرز احمد شہزاد، محمد حفیظ، توفیق عمر،شان مسعود،5مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق (کپتان)،اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، حارث سہیل،4پیسرز راحت علی، محمد طلحہٰ، احسان عادل، عمران خان،2اسپنرز ذوالفقار بابر، یاسر شاہ اور ایک وکٹ کیپر سرفراز احمد شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز محمدحفیظ اور شان مسعود میں سے کسی ایک کو ڈراپ کرکے وہاب ریاض کیلیے جگہ بنانے کے حق میں تھے، پیسر آسٹریلیا سے دوسرے ون ڈے کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر وطن واپس آگئے تھے، فٹنس مسائل سے نجات کے بعد انھیں جمعرات کو شروع ہونے والے قائد اؑعظم ٹرافی میچ میں شرکت کرنا تھی لیکن گردن میں بل پڑنے کی وجہ سے میدان میں نہ اتر سکے،ان حالات میں اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یاد رہے کہ جہاں دیگر بیٹسمینوں نے رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے محمد حفیظ کینگروز کیخلاف 2 ٹیسٹ میں صرف 48 رنز ہی بنا سکے تھے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ9نومبر سے ابوظبی میں شروع ہوگا، بعد ازاں 2 ٹی ٹوئنٹی اور5ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف قابل فخر کارکردگی پیش کی جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، تجربہ کار یونس خان اور مصباح الحق کو نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور سپورٹ کیا، ہیڈ کوچ وقار یونس اور معاون اسٹاف نے بھی اپنا کردار بخوبی ادا کیا لیکن اس کامیابی کو ماضی خیال کرتے ہوئے کیویز کیخلاف سیریز پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، انھوں نے کہا کہ ہمیں نئی مہم کا آغاز کرتے ہوئے فتوحات کا سفر جاری رکھنا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کیلیے ایک اور موقع ہے کہ مضبوط حریف کے مقابل بھی اپنی صلاحیت اور مہارت آزمائیں،کارکردگی میں تسلسل اور ٹیم کمبی نیشن برقرار رکھنے کیلیے کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔