یونس خان ورلڈکپ کے ممکنہ30 پلیئرزمیں شامل

سلیکٹرزکی تیارکردہ ابتدائی فہرست میں شعیب ملک اور کامران اکمل بھی موجود


Saleem Khaliq November 07, 2014
یاسر شاہ پراعتماد برقرار،عمرگل کوافغانستان سے میچ کیلیے اے ٹیم میں رکھا جائے گا ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان نے یونس خان کو ورلڈکپ کے ممکنہ 30 کھلاڑیوں میں شامل کر لیا، سلیکٹرز کی جانب سے تیار کردہ ابتدائی فہرست میں شعیب ملک اور کامران اکمل کے نام بھی موجود ہیں،آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کھیل پیش کرنے والے یاسر شاہ بھی امیدواروں میں شامل ہونگے۔

سعید اجمل کی شمولیت کلیئرنس سے مشروط ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کا انعقاد آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا، آئی سی سی نے تمام شریک ممالک کو ابتدائی 30 پلیئرز کی فہرست7 دسمبر تک ارسال کرنے کی ہدایت دی ہے، پاکستانی ٹیم آسٹریلیا سے سیریز مکمل کرنے کے بعد اب اتوار کو کیویز کیخلاف مقابلوں کا آغاز کریگی،30نومبر کو تیسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد2ٹوئنٹی 20میچز ہونے ہیں،8دسمبر کو پہلے ون ڈے سے ایک روز قبل ورلڈکپ کا ابتدائی اسکواڈ کونسل کو ارسال کرنا لازمی ہے، اسی لیے سلیکٹرز نے ابھی سے اپنا کام مکمل کر لیا، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گذشتہ روز 30 کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق ہوگیا، لاہور میں براجمان سلیکٹرز کا یو اے ای میں سینئر اور اے ٹیموں کے ساتھ موجود چیف سلیکٹر معین خان و سلیکٹر سلیم یوسف سے فون پر رابطہ ہوا۔

آسٹریلیا کیخلاف ریکارڈ ساز کارکردگی دکھانے والے یونس کیساتھ ٹیم سے باہر آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر کامران اکمل بھی ابتدائی پلیئرز میں شامل ہیں، چیئرمین کی منظوری کے بعد اسکواڈ کا اعلان ہو جائے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت تو سعید اجمل کا نام موجود ہے لیکن اگر انھیں آئی سی سی سے کلیئرنس نہیں ملی تو دیگر آپشنز دیکھے جائیں گے، اسی لیے سلیکٹرز نے کینگروز کو خوب پریشان کرنے والے یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو بھی 30رکنی اسکواڈ میں رکھا ہے۔ دوسری جانب سلیکٹرز فاسٹ بولر عمر گل کو پاکستان اے ٹیم میں شامل کر کے فٹنس کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، افغانستان سے اگر15نومبر کو راولپنڈی میں ٹی 20میچ ہوا تو سینئر پیسر ضرور ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں