آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے کیمرون بوئس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی
KARACHI:
آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچ پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ براؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان جے پی ڈومنی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں پر صرف 101 رنز بنا سکی۔ کپتان ڈومنی سب سے زیادہ 49، ریزا ہینڈرکس 18، ریلی روسو 12 اور ڈیوڈ میلر 11 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ اور کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں شامل نہ ہوسکا۔ کینگروز کی جانب سے بولنجر اور سین ایبٹ نے 33، جیمس فالکنر نے 2 اور گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسان ہدف کے تعاقب میں کینگروز بلے بازوں نے جارحانہ آغاز کیا اور اوپنر بلے باز ایرون فنچ اور بین ڈک نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز جوڑے، بین ڈک 23 رنز بنانے کے بعد پارنیل کی گیند پر ایبٹ کو کیچ دے بیٹھ جس کے بعد شین واٹسن نے ایرون فنج کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں پروٹیز بولرز کی خوب پٹائی کی اور 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنانے کے بعد 92 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے جبکہ گلین میکسویل بغیر کوئی رنز بنائے برابادا کا شکار بنے لیکن کپتان ایرون فنج کے ناقابل شکست 44 رنز کی بدولت کینگروز نے 13ویں اوور میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے کیمرون بوئس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، گو کہ انہوں نے کوئی وکٹ حاصل نہیں کی لیکن 4 اوور میں صرف 15 رنز دینے کے عوض انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔