ایم کیو ایم نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے 4 نام تجویز کردیئے

ویب ڈیسک  جمعـء 7 نومبر 2014
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے حیدر عباس رضوی اور بابر غوری سے ٹیلی فون پر بات کی۔ فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے حیدر عباس رضوی اور بابر غوری سے ٹیلی فون پر بات کی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت اور اپوزیشن لیڈر کو 4 نام تجویز کردیئے ہیں جبکہ وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی ایم کیو ایم سے رابطہ کرکے انہیں اس حوالے سے اعتماد میں لیا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے 4 ناموں پر اتفاق کیا ہے جن میں جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، جسٹس (ر) غوث محمد، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) رانا بھگوان داس کے نام شامل ہے اور یہ تجویز کردہ نام حکومتی اراکین اور اپوزیشن لیڈر کو بھیج دیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں حیدر عباس رضوی اور بابر غوری سے ٹیلی فون پر بات  کی اور انہیں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی مشاورت اور مجوزہ ناموں پر اعتماد میں لیا جب کہ  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے ایم کیوایم سے رابطہ کرکے انہیں اس حوالے سے اعتماد میں لیا۔

پرویز رشید نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عدیل سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے مجوزہ ناموں پر مشاورت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔