عراق میں امریکی طیاروں کی بمباری سے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا امکان

رائٹرز  ہفتہ 8 نومبر 2014
عراقی حکام کی جانب سے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی، غیرملکی خبرایجنسی فوٹو:فائل

عراقی حکام کی جانب سے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی، غیرملکی خبرایجنسی فوٹو:فائل

بغداد: عراق میں جنگجو تنظیم داعش کے اہم ٹھکانے پر امریکی جیٹ طیاروں کی بمباری میں متعدد جنگجو ہلاک و زخمی ہوگئے جب کہ بمباری میں جنگجو تنظیم کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی بھی ہلاکت کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا مقامی میڈیا کے حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی جیٹ طیاروں نے مغربی صوبے انبار میں شام کی سرحد کے قریب داعش کے اہم ٹھکانے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں جنگجو تنظیم کے اہم کمانڈروں کا اجلاس جاری تھا اور ممکنہ طور پر وہاں تنظیم کے مرکزی سربراہ ابو بکر البغدادی بھی موجود تھے، امریکی طیاروں کی بمباری میں متعدد جنگجو ہلاک و زخمی ہوئے تاہم عراقی حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جیٹ طیاروں کی بمباری جنوبی شہر موصل کے قریب کی گئی جس میں جنگجوؤں کے اجلاس کو نہیں بلکہ ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس میں ابو بکر البغدادی کی موجودگی کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔