غیرملکی سرمایہ کاری اس وقت ہوگی جب ملک میں قانون کی بالادستی ہو عمران خان

شریف خاندان كوعوام كے پیسے كی قدر نہیں وہ بیرون ملک دورے کرکےسرمایہ کاری کے نام پرعوام کوبیوقوف بنا سکتے ہیں ہمیں نہیں


ویب ڈیسک November 11, 2014
نوازشریف بیرون ملک دوروں پر اپنے بھائی کے علاوہ بھی دوسرے صوبوں کے وزیراعلیٰ کو لے جایا کریں، عمران خان، عمران خان فوٹو: آغا مہروز/ ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جب تک ادارے ٹھیک اور قانون كی بالادستی قائم نہیں ہوگی اس وقت تک غیر ملكی سرمایہ كاری نہیں آسكتی جب کہ بھارت میں بھی تو غیر ملكی سرمایہ كاری آرہی ہے لیکن كیا وہاں كے وزیراعظم ہمارے وزیراعظم کی طرح بیرون ملک کے دورے كر رہے ہیں۔

اسلام آباد ڈی چوک میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے كہا كہ نواز شریف کے خاندان كو عوام كے پیسے كی كوئی قدر نہیں، وہ عوام كی خون پیسنے كی كمائی سے حاصل شدہ ٹیكسوں پر عیاشیاں كر رہے ہیں، وزیر اعظم ہاؤس اور ایوان صدر كے بجلی اور گیس كے كروڑوں روپے كے بل آئے، نواز شریف كی اتفاق فاؤنڈری بھی بل کی مد میں 5 كروڑ روپے كی نادہندہ ہے لیكن اس كی بجلی نہیں كاٹی گئی۔ انہوں نے كہا كہ امریكا كا ایک جنرل گالف كھیلنے كے لئے سركاری جہاز استعمال كرتا ہے اور 5 ہزار ڈالر اس پر خرچہ آتا ہے تو اسے نوكری سے نكال دیا جاتا ہے كہ اس نے قوم كے ٹیكسوں سے حاصل آمدن كا غلط استعمال كیوں كیا اور جب برطانیہ کی حكومت كو خسارے كا سامنا كرنا پڑتا ہے تو برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ كیمرون امریكا كے دورے كے دوران ہوٹل میں قیام كے بجائے واشنگٹن میں برطانیہ كے سفارتخانے كے ایک كمرے میں رہائش اختیاركرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیرون ملک دوروں پر ہی رہتے ہیں لیکن وہ وہ عوام كو تو بیرون ملک دورے كركے سرمایہ كاری كے نام پر بیوقوف بناسكتے ہیں ہمیں نہیں، بھارت میں بھی تو غیر ملكی سرمایہ كاری آرہی ہے لیکن كیا وہاں كے وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ملک دورے كر رہے ہیں، ملک میں جب تک ادارے ٹھیک اور قانون كی بالادستی قائم نہیں ہوگی اس وقت تک غیر ملكی سرمایہ كاری نہیں آسكتی۔ انہوں نے کہا کہ پتا نہیں نواز شریف بیرون ملک دوروں پر صرف اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف كو ہی ساتھ کیوں لے جاتے ہیں، كیا وہ صوبہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ كے وزیراعلیٰ كو ساتھ نہیں لے كر جاسكتے۔

عمران خان نے كہا كہ عاصمہ جہانگير جب بھارت گئیں تو كشميريوں كی بات ہی نہیں كی جو بھارت كا ظلم سہہ رہے ہيں کیونکہ ان كے انسانی حقوق كی عاصمہ جہانگير كو كوئی فكر نہيں، انہوں نے وہاں بھنگڑا ڈالا اور ہماری خواتين كو كہہ رہی ہيں كہ وہاں ناچ گانے ہو رہے ہيں، لگتا ہے كہ مولانا فضل الرحمان اور عاصمہ جہانگير كی دوستی ہو گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں