لاہور پولیس نے غلام مصطفیٰ کھر کے لاپتہ بیٹے کی گرفتاری ظاہر کردی

ویب ڈیسک  بدھ 12 نومبر 2014
حسین کھر گزشتہ روز رات گئے اپنے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو؛فائل

حسین کھر گزشتہ روز رات گئے اپنے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو؛فائل

لاہور: پولیس نے سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے صاحبزادے حسین کھر کی گرفتاری ظاہر کردی جسے اہل خانہ کی جانب سے اغوا قرار دیا جارہا تھا۔ 

ڈی آئی جی آپریشنزحیدر اشرف نے پرپس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سابق گورنر پنجاب کے صاحبزادے حسین کھر سمیت 4 ملزمان کو ڈکیتی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، ملزمان نے شاہد ملک نامی شہری سے 20 ہزار روپے چھینے جس کے بعد اسے اغوا کر کے مزید رقم حاصل کرنے کے لئے اے ٹی ایم مشین لے گئے جہاں سے مزید رقم نکلوائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حسین کھر کے علاوہ گرفتار کئے گئے ملزمان میں ابراہیم چیمہ، فہد ذیشان اور انس اویس شامل ہیں جنہیں اے ٹی ایم پر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری نے سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھرکو ٹیلیفون کیا اور ان کے بیٹے کے اغوا کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی کی جان ومال محفوظ نہیں اس لئے حکمرانوں کو چاہئےکہ قوم کی جان چھوڑ دیں۔

واضح رہے کہ سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے صاحبزادے حسین کھر گزشتہ روز رات گئے اپنے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوگئے تھے جب کہ اس حوالے سے اہلخانہ کی جانب سے اغوا کا شبہہ ظاہر کیا جارہا تھا تاہم لاہور پولیس نے حسین کھر کی گرفتاری ظاہر کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔