سانحہ خیر پور میں جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں جہاں تدفین کا عمل جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 46 لاشیں سکھر ایئرپورٹ سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے رسالپور پہنچائی گئیں جس کے بعد انہیں سوات اور مینگورہ روانہ کیا گیا جہاں 37 لاشیں سوات کے علاقے خوازہ خیلہ اور بحرین میں لواحقین کے حوالے کردی گئیں جب کہ دیگر 9 لاشیں باجوڑ، مردان اور بٹگرام میں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔
اسی طرح 11 لاشیں کراچی پہنچائی گئیں جن میں 5 پرانی سبزی منڈی، 2 قصبہ، 2 بنارس اور 2 اتحاد ٹاؤن میں لواحقین کے حوالے کی گئیں۔ سبزی منڈی پہنچائی گئی 5 لاشیں ایک ہی خاندان کی ہیں جن کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور سے کراچی آنے والی مسافر بس صبح پونے 5 بجے کے قریب ٹھیٹری بائی پاس پر واقع ایک پیٹرول پمپ سے تیل ڈلوانے کے بعد جیسے ہی سڑک پر آئی تو سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جب کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔