30 نومبر کے بعد حالات کی خرابی کی ذمہ دار حکومت ہوگی عمران خان

تحقیقات میں ثابت کردیں گے کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اورپیپلزپارٹی نے سندھ میں دھاندلی کی،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک November 12, 2014
30نومبرکےبعد جو بھی ہوا اس کے ذمہ دار نواز شریف ہوں گے،عمران خان فوٹو: ایکسپریس نیوز

RAWALPINDI: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 30 نومبر تک حکومت نے دھاندلی سے متعلق انصاف فراہم نہ کیا تو حالات کے ذمہ دار وہ خود ہوگی۔

ننکانہ صاحب میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ''گو نواز گو''کے نعرے کو غلط سمجھ بیٹھے ہیں ہم نے انہیں ہٹانے کے لئے یہ نعرہ لگایا تھا لیکن وہ تو چین، جرمنی اور برطانیہ کے دورے کررہے ہیں ان کے دماغ میں دھرنا طاری ہے وہ جہاں جاتے ہیں وہاں صرف دھرنے کی ہی بات کرتے ہیں حالانکہ ہم نے اب تک حکومت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن 30 نومبر تک ہمیں انصاف نہ دیا تو پھر نواز شریف کی حکومت کا چلنا ناممکن ہوجائے گا، ہم نے جو مطالبات کئے تھے ان میں 5 تو نواز شریف مان چکے تھے اور صرف استعفے کے مطالبے پر بات ادھوری رہ گئی تھی لیکن اب ان کے سمدھی اسحاق ڈار اپنی بات سے پھر گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے امیر امیر تر اور غریب تر ہوگیا،30 نومبر کے بعد ملک کا مظلوم طبقہ اسلام آباد آئے گا اور جو بھی ہوگا اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، ہمیں سب پتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں کس طرح دھاندلی کی اور اس پر پردہ ڈالا، ہمیں یہ بھی علم ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کو کس طرح خریدا، جب بھی دھاندلی کی تحقیقات شروع ہوئی ہم ثابت کردیں گے کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اور پیپلز پارٹی نے سندھ میں دھاندلی کی اور دونوں جماعتوں نے مل کر میچ فکسنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر چاہتے تو 4 حلقوں پر دھاندلی کی تحقیقات سے معاملہ حل ہوجاتا اور وہ اپنے نمائندوں کو گنتی کرانے کا کہتے لیکن ایسا نہیں ہوا اور میرے حلقے میں دھاندلی سے جیتنے والے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اب تک عدالتی حکم کے پیچھے چھپے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف کا نظام دھاندلی کو تحفظ دیتا ہے لیکن انصاف نہیں دیتا، اس لیے عدلیہ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم اپنی عدلیہ کو آزاد اور غیر جانبدار دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ دنیا اسے دیکھ کر مثال دے کہ یہ ایک ایسی عدلیہ ہے جو طاقتور کو بھی قانون کے نیچے لاسکتی ہے۔ عمران خان نےکہا کہ 18 ماہ سے زائد ہوچکے ہیں ہر جگہ انصاف ڈھونڈا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو پاکستان میں کوئی کمزور آدمی کس طرح انصاف لے سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کے مظلوم طبقے کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 30 نومبر کو اسلام آباد پہنچے کیونکہ وہ دن اپنا حق لینے کا ہے ہم وہاں نئے پاکستان کا فیصلہ کریں گے، 91 دن سے اس لیے پر امن دھرنا دے رہے ہیں کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے اگر 30 نومبر تک انصاف نہ ملا تو نوازشریف کی حکومت کا چلنا ناممکن ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں