بورڈ نے فاتح کرکٹرز کیلیے خزانے کا منہ کھول دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 نومبر 2014
کیویز کیخلاف فتح پر ٹیم کا ہر کھلاڑی مبارکباد کا مستحق ہے، شہریارخان۔  فوٹو : فائل

کیویز کیخلاف فتح پر ٹیم کا ہر کھلاڑی مبارکباد کا مستحق ہے، شہریارخان۔ فوٹو : فائل

لاہور: پی سی بی نے فاتح قومی کرکٹرز کیلیے خزانے کا منہ کھول دیا،کینگروز کو کلین سویپ کرنے والے16رکنی سکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کیلیے 5،5لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، ٹاپ پرفارمرز کپتان مصباح الحق اور یونس خان10,10 جبکہ احمد شہزاد اور ذوالفقار بابر5،5 لاکھ اضافی وصول کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کیویز کیخلاف فتح پر ٹیم کا ہر کھلاڑی مبارکباد کا مستحق ہے، مصباح الحق کی کپتانی کے حوالے سے صورتحال واضح کرنے کا مثبت نتیجہ سامنے آیا، ٹیم کی کارکردگی میں استحکام اور اعتماد نظر آنے لگا جو ورلڈ کپ سمیت آئندہ اہم ایونٹس میں کام آئے گا۔ انھوں نے ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے پر 16رکنی سکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کو 5،5 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

بہترین پرفارمنس پر کپتان مصباح الحق اور یونس خان کو10،10 جبکہ ذوالفقار بابر اور اظہر علی کو5،5 لاکھ روپے اضافی ملیں گے، احمد شہزاد اور سرفراز احمد کو مجموعی طور پر ساڑھے7لاکھ روپے فی کس جبکہ یاسر شاہ کو عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ایک لاکھ روپے اضافی بھی ہاتھ لگیں گے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس، منیجر معین خان، دیگر کوچز اور دورے پر موجود تمام معاون اسٹاف کو بھی ساڑھے 3،3 لاکھ روپے بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 1کروڑ 47لاکھ 50ہزار روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔