آرمی چیف جنرل راحیل شریف 7 روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے

ویب ڈیسک  اتوار 16 نومبر 2014
گزشتہ چار برسوں میں پاک فوج کے کسی بھی سربراہ کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے  فوٹو: فائل

گزشتہ چار برسوں میں پاک فوج کے کسی بھی سربراہ کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے فوٹو: فائل

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف 7 روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ 

امریکا پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے کے عہدیداروں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا ، آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی ملٹری آپریشن اورڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود ہیں۔ ایک ہفتے پرمحیط طویل دورے کے پہلے مرحلے میں وہ فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے جہاں وہ اعلیٰ فوجی حکام سے خطے کی صورتحال بالخصوص افغان مسئلے پر تنادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوسرے مرحلے میں پاک فوج کے سربراہ واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں وزیر دفاع چک ہیگل اوردیگر اعلیٰ دفاعی حکام سے ملیں گے۔ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف امریکی صدر باراک اوباما کی قومی سلامتی کی مشیرسوزین رائس اور امریکی ارکان کانگریس سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

جنرل راحیل شریف کا آرمی چیف کی حیثیت سے امریکا کا پہلادورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ جس میں 2014کے بعد افغانستان سے امریکی انخلاکے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال، افغانستان میں دیرپا امن کے لئے باہمی کردار، پاک افغان سرحد پر امریکی حکام کے ساتھ بات چیت اور بھارتی سرحد پردرپیش مسائل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار برسوں میں پاکستانی فوج کے کسی بھی سربراہ کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔