دبئی ٹیسٹ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے

اظہرعلی 75، یونس خان 72، اسد شفیق 44 اور مصباح الحق 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


ویب ڈیسک November 19, 2014
اوپننگ بلے باز شان مسعود 13 اور توفیق عمر16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے 403 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے۔

دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 34 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو یونس خان ایک اور اظہرعلی 4 رنز پر کریز پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 113 رنز جوڑے جبکہ یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 29 ویں نصف سنچری اسکور کی۔ 145 کے مجموعی اسکور پر یونس خان 72 رنز بنانے کے بعد جیمز نیشم کا شکار بن گئے جس کے بعد کپتان مصباح الحق بھی 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کیویز بولروں کے سامنے مزاحمت کرنے والے اظہرعلی بھی 72 رنز بنا کر 220 کے مجموعہ پر ایش سودھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اسد شفیق 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پروکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 28 اور یاسر شاہ ایک رنز کے ساتھ کریز پرموجود تھے، قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کے لئے اب بھی مزید 122 رنز درکار ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی،مارک کریگ اور جیمس نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 248 رنز سے شکست دی تھی جس کے ساتھ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں