آپریشن ضرب عضب کے بعد عمران خان کا غضب شروع ہوا، پرویزرشید

ویب ڈیسک  پير 17 نومبر 2014
عمران خان کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے حکومت نے نہیں، پرویز رشید۔ فوٹو: فائل

عمران خان کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے حکومت نے نہیں، پرویز رشید۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد عمران خان کا غضب شروع ہوا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے حکومت نے نہیں،عمران خان اپنی جماعت کے نام کی ہی لاج رکھ لیں  اور وہ میڈیا کے بجائے عدالت میں اپنا مقدمہ لڑیں کیونکہ ہمارے معاشرے میں انصاف عدالتوں سے ہی ملتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے سڑکوں پر انصاف کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے، عمران خان خود کو دہشت گردی کلچر سے دور رکھیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید ایسا جلسہ کرنا چاہتے ہیں جہاں خواتین نہ ہوں، اگر جلسے میں خواتین نہ بھی ہوں تو گھروں میں تو ہوتی ہی ہیں، کیا شیخ رشید اپنا براہ راست خطاب بھی رکوائیں گے۔

بعد ازاں اپنے بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف والے پہلے فیصلہ کرلیں کہ کس نے کیا کہنا ہے،  عمران خان نے گزشتہ روز صحافیوں کو پیسے دینے کا الزام لگایا جبکہ آج شیریں مزاری نے کہہ دیا کہ بغیر ثبوت الزام نہیں لگانا چاہئے، مسلم لیگ (ن) پر اپنی ناکامیوں کا الزام لگانا دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نہ صرف عمران خان کے ترجمان ہیں بلکہ ان کے سیاسی استاد بھی ہیں اور آج طاہر القادری کے اشاروں پر چلنے والا قانون کے خوف سے ان سے تعلق توڑ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔