پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 نومبر 2014
نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 250 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ فوٹو؛ اے ایف پی/فائل

نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 250 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ فوٹو؛ اے ایف پی/فائل

دبئی: پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تاہم 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں  پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے جب کہ  تیسرا ٹیسٹ میچ 26 نومبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

دبئی انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ  نے پاکستان کو جیت کے لیے 261 رنز ہدف دیا لیکن جلد ہی پاکستان کو توفیق عمر کی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا، اس کے بعد شان مسعود اور اظہر علی نے جیت کی جانب سفر شروع کیا۔ اس دوران شان مسعود 40 اور اظہر علی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 73 رنز تھا۔ کپتان مصباح الحق جلد ہی  پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پاکستان نے جیت کے لیے کوششیں ترک کردیں اور یونس خان اور اسد شفیق نے انتہائی سست روی سے بیٹنگ کی، سرفراز نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر تیز رفتاری سے اسکور کرنا شروع کیا لیکن وقت ختم ہونے پر پاکستان  5 وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بناسکا۔

اس سے قبل  کیویز نے 167 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ  پر اپنی نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو روز ٹیلرز 77 اور مارک کریگ صفر رنز پر  بیٹنگ کر رہے تھے، مارک گریگ  34 اور روز ٹیلر  104 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکاربنے، اس کے بعد ٹم ساوتھی نے 5 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے اور وہ ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 250 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لئے 261 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 اور ذوالفقار بابر  نے 4 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔