30 نومبر کے جلسے پر حکومت کو تحفظات، حکمراں بوکھلا گئے، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک  جمعـء 21 نومبر 2014
حکومت اعتماد کی فضا بحال کرے، کمیشن کا اعلان کرے، فرید پراچہ۔ فوٹو: ایکسپریس

حکومت اعتماد کی فضا بحال کرے، کمیشن کا اعلان کرے، فرید پراچہ۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: تحریک انصاف نے دھرنوں کے دوران وعدہ خلافیاں کیں اس لیے 30نومبر کے جلسے کے حوالے سے حکومت کوتحفظات ہیں، ان کے لیڈروں کی تقاریر سے پیداہونے والی صورتحال سے حالات ناخوشگوار ہوسکتے ہیں۔

30نومبر کوجلسہ پرامن ہوگا تاہم حکومت طاقت کے بل پراسے روکنے کامنصوبہ بناچکی ہے۔ ایسا کیا گیا تو کارکن اشتعال میں آسکتے ہیں اور اس کی ذمے داری حکومت پر ہوگی۔ چوہدری نثاراور اسحاق ڈارکے بیانات سے لگتاہے کہ حکومت کچھ اورسوچے بیٹھی ہے اورحالات محاذ آرائی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ گرفتاری کی باتیں جلتی پرتیل کا کام کریںگی۔ ان ملے جلے خیالات کااظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے اکابرین نے ’’تحریک انصاف کے 30نومبر کے جلسے‘‘ کے حوالے سے ایکسپریس فورم میں کیا۔

سابق صوبائی وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہاکہ  تحریک انصاف نے ملک بھرمیں جہاں بھی جلسے کیے حکومت نے مقامی انتظامیہ کوان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایات کی۔ تحریک انصاف نے اسلام آبادمیں دھرنوں کے حوالے سے کچھ وعدہ خلافیاں کیں جس کی وجہ سے حکومت کو تحفظات ہیں۔ شیخ رشیدکی تقاریرسے ظاہر ہورہا ہے کہ پی ٹی آئی اس جلسے کوانتشار کی شکل دیناچاہتی ہے جس سے ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

اس وقت مذاکرات کے عمل کے دونوں رابطہ کار مصروف ہیں جن کی وجہ سے رابطے کی کمی محسوس ہورہی ہے اوراعتماد کا فقدان ہے۔ اگریہ اسلام آباد کی انتظامیہ سے تعاون کریں گے توحالات خراب نہیں ہوں گے۔ وزیرداخلہ نے اعلان کیاہے کہ آئندہ 2دن میں حکومت پی ٹی آئی سے رابطہ بھی کرے گی۔ اپوزیشن لیڈرمیاں محمودالرشید نے کہاکہ 30نومبر کے جلسے سے حکمراں بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے جلسوں نے عوام میں جوش وجذبہ پیداکیا۔

مرکزی رہنما پیپلز پارٹی نویدچوہدری نے کہاکہ جلسے کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے۔ دونوں جانب سے جو زبان استعمال کی جارہی ہے اس سے حالات خراب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ۔ حکومت کی ذمے داری زیادہ بنتی ہے تاہم وہ سنجیدہ نظرنہیں آرہی۔ گرفتاری کی باتیں جلتی پر تیل کا کام کریں گی۔ لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما فرید پراچہ نے کہاکہ سراج الحق نے حکومت اوراپوزیشن میں مذاکرات کے لیے اہم کردارادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔