نریندر مودی میں عقل ہے تو ہمارے بجائے غربت اور جہالت سے لڑیں، سراج الحق

ویب ڈیسک  اتوار 23 نومبر 2014
امریکا سن لے ہمیں کسی معاملے میں اس کی مداخلت قبول نہیں، سراج الحق فوٹو: ایکسپریس

امریکا سن لے ہمیں کسی معاملے میں اس کی مداخلت قبول نہیں، سراج الحق فوٹو: ایکسپریس

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پیر چادر میں ہی رکھیں اگر ان میں عقل ہے تو ہمارے بجائے غربت اور جہالت سے لڑیں۔ مینار پاکستان لاہور پر جماعت اسلامی کے 3 روزہ اجتماع عام سے خطاب کے دوران سراج الحق کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ بلوچ پاکستان سے آزادی چاہتے ہیں، سندھی بھائی سندھو دیش بنانا چاہتے ہیں اور خیبر پختونخوا کو پخونستان بنانا چاہتے ہیں لیکن بلوچ ، سندھی یا پشتون اسلام اور پاکستان سے جدائی نہیں بلکہ اس ظالمانہ نظام سے آزادی چاہتا ہے جو ہم پر گزشتہ 67 سال سے مسلط ہے، اسی نظام کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلا دیش بن گیا، وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ خطرہ اس ظالم طبقے سے ہے جس کی وجہ سے ہرعلاقے کے لوگ اپنے آپ کو محروم اور مظلوم سمجھتے ہیں۔ غربت کی وجہ سےمائیں بچوں کو موت کے حوالے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 67 سالوں میں ہم اپنی صحیح سمت متعین نہیں کرسکے، کرپشن کی وجہ سے ملک میں کسی کوسزانہیں ملتی، جب ظالم کوووٹ دیا جائے گا تو ظلم کیسے رکے گا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عدل اور انصاف پر یقین رکھتی ہے، ہمارے یہاں مسئلہ قیادت کا ہے کیونکہ ملک میں اصلی قیادت موجود نہیں، جماعت اسلامی عدل اور انصاف پر یقین رکھتی ہے، ملک میں آئین کےساتھ غداری کی جاتی رہی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، کرپشن کرنے والوں کا احتساب شروع ہوچکا ہے، جس نے قوم کا کھایا ہے وہ سب ہم ان کے پیٹ سے نکالیں گے۔ اب منافقت مزید نہیں چل سکتی، اسلامی نظام یا کوئی دوسرا نظام ان میں ایک کو رکھنا ہو گا، ہم پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرح ایک اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ایسا نطام دیں گے جس کے تحت مزدوروں ، کسانوں اور مزارعوں کو فیکٹریوں اور کھیتوں سے حاصل ہونے والے منافع میں شریک کریں گے، ہم مزدوروں کو بے روزگار نہیں ہونے دیں گے۔ ہم مہنگائی ، لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے خلاف جہاد کریں گے۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی دہشت گردی بھی موجود ہے جسے مل کر ختم کریں گے،ہم پاکستان کو ماضی کی عزت اور وقار دلانا چاہتے ہیں، اگر جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو آزاد خارجہ پالیسی بنائیں گے، ڈاکٹرعافیہ  قوم کی بیٹی،عزت اورغیرت ہے،اس کے ساتھ بےرخی برتنےوالوں کا احتساب کیا جائے گا۔ یورپ بوڑھوں کی دنیا ہے اصل وسائل تو ہمارے پاس ہیں، ہم اسلامی ممالک کو یورپی یونین کی طرز پر متحد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پیر چادر میں ہی رکھیں اگر ان میں عقل ہے تو ہمارے بجائے غربت اور جہالت سے لڑیں۔ امریکا بھی سن لے ہمیں کسی معاملے میں اس کی مداخلت قبول نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔