انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تمام ایئرپورٹس پرانٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

محمد یعقوب ملک  پير 24 نومبر 2014
بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے جعلی کاغذات پر 19 افغانوں کی برطانیہ روانگی کے واقعے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔ فوٹو: فائل

بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے جعلی کاغذات پر 19 افغانوں کی برطانیہ روانگی کے واقعے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آئندہ ماہ کے آخر میں انٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ یہ فیصلہ رواں سال ستمبرمیں بے نظیربھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آبادسے ایف آئی اے اور پی آئی اے کے حکام کی ملی بھگت سے جعلی کاغذات پر19افغانوں کی برطانیہ روانگی کے بڑے واقعے کے بعد کیا گیا جس کا مقصد ایف آئی اے کے امیگریشن نظام کو شفاف بنانا ہے۔

نئے نظام کا منفرد پہلو یہ ہے کہ یہ نادرا،ایف آئی اے، پاسپورٹس اینڈامیگریشن اور وزارت داخلہ سمیت چاروں متعلقہ محکموں کے ساتھ منسلک ہوگا تاکہ مستقبل میں انسانی اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے جعلی پاسپورٹس یاتبدیل کیے گئے اعدادوشمار کا پتہ چلایا جاسکے اور ایف آئی اے کے امیگریشن نظام پر مناسب نگرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ نظام بائیومیٹرک نظام سے بھی منسلک ہوگا جو حال ہی میں بے نظیربھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا ہے۔ بااعتماد ذرائع نے ایکسپریس کے انویسٹی گیشن سیل کو بتایاکہ وزارت داخلہ اس نظام کے سافٹ ویئر کو نصب کرنے کے پی سی ون کی تیاری پرکام کررہی ہے اس مقصد کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نادراکے ذریعے 28 جدید مشینیں نصب کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ نظام پاسپورٹ کی تصدیق کے علاوہ کسی بھی مسافرسے متعلق ریکارڈ چاروں محکموں کو فراہم کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔