پرویزرشید نے الزامات پر معافی نہ مانگی توہتک عزت کا دعویٰ دائرکروں گا، جہانگیرترین

ویب ڈیسک  پير 24 نومبر 2014
میں نے جو بھی قرض لیا وہ وقت پر واپس کیا، سیکریٹری جنرل تحریک انصاف فوٹو: فائل

میں نے جو بھی قرض لیا وہ وقت پر واپس کیا، سیکریٹری جنرل تحریک انصاف فوٹو: فائل

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ  ان کی جماعت ہر معاملے میں شفاف طریقے سے پیش آتی ہے اور پرویز رشید نے اگر اپنے الزامات پر معافی نہ مانگی تو وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آواز پر قوم جاگ گئی ہے، جس سے حکمران بدہواس ہوکرالزام تراشی پر اتر آئے ہیں، تحریک انصاف ہر معاملے میں شفاف طریقے سے پیش آتی ہے اور وہ پرویز رشید کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  گزشتہ روز پرویز رشید نے انہیں  جے ڈی ڈبلیو کمپنی کا اقلیتی شیئرہولڈر قراردیا حالانکہ انہیں پہلے اس کی تحقیق کرنی چاہئے تھی وہ اس کمپنی کے اکثریتی شیئرزہولڈرہیں اور کمپنی انہوں نے اپنی محنت سے بنائی ہے۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پرویز رشید  ہم پرالزام لگانے سے پہلے اپنےگریبان میں جھانکیں، ہم کاشت کاروں کے پیسے دبا کر نہیں رکھتے اور انہوں نے جو قرضے لئے وہ وقت پر واپس کئے ہیں، اس کے علاوہ طیارے کے استعمال سے متعلق آڈیٹر رپورٹ بھی منگوائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید اپنے رہنماؤں کے اخراجات قوم کو بتائیں، پرویز رشید بتائیں کہ وہ کتنا خرچا کرتے ہیں اور حکومت میں آنے سے پہلے وہ کس کے طیارے پر سفر کرتے تھے اگر پرویز رشید نے اپنے الزامات واپس نہ لئے تو وہ ان پر ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے گزشتہ روز الزام لگایا تھا کہ عمران خان جہانگیر ترین کی کمپنی کے طیارے کا سیاسی استعمال کرتے ہیں اور اس طیارے کے اخراجات کمپنی ادا کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔