حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہو گیا،آج شارجہ میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 25 نومبر 2014
 محمد حفیظ نے انگلینڈ روانگی سے قبل کہا تھا کہ ان کی پورے ٹیسٹ میچ میں صرف 4گیندیں مشکوک پائی گئی ہیں۔ فوٹو؛فائل

محمد حفیظ نے انگلینڈ روانگی سے قبل کہا تھا کہ ان کی پورے ٹیسٹ میچ میں صرف 4گیندیں مشکوک پائی گئی ہیں۔ فوٹو؛فائل

لاہور: آل رائونڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک ٹیسٹ ہوگیا،نتیجہ آئندہ چند روز میں سامنے آ جائے گا، وہ منگل کو شارجہ پہنچ کر کیویز سے تیسرے ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہوں گے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کو آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی لفبرا یونیورسٹی کی لیبارٹری میں جدید کیمروں سے یہ تعین کرنے کی کوشش کی گئی کہ حفیظ کی مختلف ڈلیوریز میں بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد میں آتا ہے یا نہیں۔ یاد رہے کہ آل رائونڈر کا بولنگ ایکشن کیویز کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ کے دوران رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد انھیں لازمی طور پر 22دن کے اندر بائیومکینک لیب میں اپنی گیندوں کا جائزہ لینے کا پابند کیا گیا تھا۔

اگر ایکشن قانونی حد میں پایا گیا تو انھیں بولنگ کی اجازت ہوگی، دوسری صورت میں معطلی کا صدمہ برداشت کرنا پڑے گا، پھر ایکشن میں درستگی لا کر نئے جائزہ لینے کے بعد ہی بولنگ کا موقع مل سکے گا۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ نے انگلینڈ روانگی سے قبل کہا تھا کہ ان کی پورے ٹیسٹ میچ میں صرف 4گیندیں مشکوک پائی گئی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔