توہین آمیزپروگرام؛ میرشکیل، شائستہ لودھی اور وینا ملک سمیت دیگر کو 26،26 سال قید کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 25 نومبر 2014
جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کا پاسپورٹ اور جائیداد بھی ضبط کی جائے، عدالت۔ فوٹو؛فائل

جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کا پاسپورٹ اور جائیداد بھی ضبط کی جائے، عدالت۔ فوٹو؛فائل

گلگت: انسداد دہشتگردی عدالت نے توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر جیو ٹی وی چینل کے مالک میر شکیل الرحمان سمیت دیگر 4 ملزمان کو 26،26 سال قید اور 13، 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گلگت کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج راجا شہبازنے گزشتہ 6 ماہ سے زیر سماعت مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ جیو ٹی وی چینل کے مالک میر شکیل الرحمان، پروگرام کی میزبان شائستہ لودھی اور مہمان وینا ملک اور اسد خٹک توہین آمیز پروگرام کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ عدالت نے چاروں مجرموں کو 26،26 سال قید اور 13 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور آئی جی سندھ کو مجرموں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید حکم دیا کہ جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کا پاسپورٹ اور جائیداد بھی ضبط کی جائے جبکہ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ 14 مئی 2014 کو جیو ٹی وی کے مارننگ شو ” اٹھو جاگو پاکستان” میں شعائر اسلام کی توہین کی گئی جس کے بعد چینل کے خلاف ملک بھر میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جبکہ ایک مذہبی جماعت نے جیو کے خلاف فتویٰ بھی جاری کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔