قائداعظم ٹرافی 15-2014، لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کو قابو کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 26 نومبر 2014
گولڈ لیگ میں آٹھویں مرحلے کے دوسرے دن لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے شکست دے دی۔ فوٹو: فائل

گولڈ لیگ میں آٹھویں مرحلے کے دوسرے دن لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے شکست دے دی۔ فوٹو: فائل

کراچی: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ گولڈ لیگ میں لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے قابو کر لیا،بیٹنگ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہی اور104رنز کے خسارے کا شکار ناکام سائیڈ135 پر حوصلہ ہاربیٹھی، فاتح ٹیم نے32رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔

سلورلیگ میں پی آئی اے نے بہاولپور کو6 وکٹ سے مات دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے،فیصل اقبال نے ناقابل شکست ففٹی جڑی، دیگر کوارٹر فائنلز میں اسٹیٹ بینک نے کے آر ایل کو اننگز اور47رنز سے ٹھکانے لگایا، بلال شفایت ناقابل شکست ڈبل سنچری داغ کرحبیب بینک کو حیدرآباد ہاکس کیخلاف میچ میں واپس لے آئے،سوئی سدرن گیس نے پی ٹی وی کے گرد شکنجہ کس دیا، فتح کیلیے 418 رنز کا تعاقب کرنے والی سرکاری نشریاتی ادارے کی ٹیم 50 پر2 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ میں آٹھویں مرحلے کے دوسرے دن لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے پہلی باری میں 236رنز جوڑ کر 104رنز کی سبقت حاصل کی، فرحان 63رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عدیل نے 5 وکٹیں لیں، ڈولفنز دوسری کاوش میں 135 پر ڈھیر ہوگئے، لائنز نے فتح کیلیے درکار32رنز کا ہدف محض ایک وکٹ پر پالیا، یوبی ایل کیخلاف نیشنل بینک نے پہلی اننگز9 وکٹ پر451 رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی۔

عمر وحید 120کی اننگز کھیل کر میدان بدر ہوئے، علی زاہد نے4 وکٹیں لیں، یوبی ایل نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ایک وکٹ پر139رنز جوڑ لیے، زرعی ترقیاتی بینک سے میچ میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم 306 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، خرم شہزاد نے 109 کی اننگز کھیلی، زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم جوابی اننگز میں 138پر ہمت ہارگئی گئی،168 کی برتری پانے والے سوئی ناردرن نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 4 رنز بناکرمجموعی سبقت کو 172تک پہنچا دیا۔

واپڈا کیخلاف پورٹ قاسم نے پہلی اننگز میں 379 کا مجموعہ ترتیب دے دیا، دانیال احسن 122  پر ناٹ آؤٹ رہے، واپڈا نے جوابی اننگز میں 3 وکٹ پر111رنز جوڑ لیے، میزبان ریمز کے بولرز نے بیٹسمینوں کی ابتدائی ناکامی کا ازالہ کردیا، ابتدائی دن 137 پر آؤٹ ہونے والی ٹیم نے ملتان ٹائیگرز کو 70 رنز پر ٹھکانے لگایا، عمار علی 23رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے، راشد لطیف نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں، راولپنڈی ریمز نے دوسری اننگز میں 8 وکٹ پر 189رنز بناکر مجموعی سبقت 256 تک پہنچادی، عثمان سعید65 پر ناقابل شکست ہیں۔

پشاور پینتھرز کیخلاف اسلام آباد لیپرڈز 402 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، فیضان ریاض 114 رنز کے ہمراہ نمایاں رہے، تاج ولی نے 4 اور عزیزاللہ نے 3 شکار کیے، میزبان پینتھرز نے 3 وکٹ پر 101رنز بنالیے۔سلور لیگ کوارٹر فائنلز کے تیسرے دن پی آئی اے نے بہاولپور کو6 وکٹ سے مات دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے،130 کے آسان ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے تیسرے روز درکار مزید37رنزباآسانی بنالیے، ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز کو 4وکٹ 93رنز سے شروع کیا تھا اور 36.2 اوورز میں 4 وکٹ پر 132رنز اسکور کرلیے۔

ٹیسٹ بیٹسمین فیصل اقبال نے 10چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے،  اسٹیٹ بینک نے کے آر ایل کو اننگز اور47رنز سے ٹھکانے لگایا، فاتح ٹیم کے عثمان صلاح الدین 154پر ناقابل شکست رہے، 218رنز کا بھاری خسارہ پانے والی ناکام سائیڈ دوسری اننگز میں171رنز پر آؤٹ ہوگئی، بلال شفایت ناقابل شکست ڈبل سنچری داغ کر حیدرآباد ہاکس کیخلاف حبیب بینک کو میچ میں واپس لے آئے۔

انھوں نے 201رنز ناٹ آؤٹ بنائے، ٹیم نے دوسری اننگز 5 وکٹ 423رنز پر ڈیکلیئرڈکردی، 138رنز کی برتری رکھنے والے ہاکس کو کامیابی کیلیے 286 کا ہدف ملا، انھوں نے 19رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں۔سوئی سدرن گیس نے پی ٹی وی کے گرد شکنجہ کس دیا، فتح کیلیے 418 رنز کا تعاقب کرنے والی سرکاری نشریاتی ادارے کی ٹیم 50 پر2وکٹیں گنوابیٹھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔