پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے، جلد انٹرنیشنل میچز کی واپسی ہوگی، مصباح الحق

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کنڈیشنز میں پرفارم کرسکتے ہیں، کپتان مصباح الحق فوٹو: فائل

مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کنڈیشنز میں پرفارم کرسکتے ہیں، کپتان مصباح الحق فوٹو: فائل

شارجہ: کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کرکٹ مستقبل انتہائی روشن ہے، وہ نوجوان کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور ٹیلنٹ سے کافی متاثر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کنڈیشنز میں پرفارم کرسکتے ہیں، ہمارے پاس ٹیم میں اسد شفیق، اظہر علی، سرفراز احمد، احمد شہزاد اور یاسر شاہ کی صورت میں نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جو اگلے 9، 10 برس تک ملک کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

مصباح الحق نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ ہر کوئی اپنے ملک میں ہوم کراؤڈ کے سامنے پرفارم کرنا چاہتا مگر ہم ایسی صورتحال سے دوچار ہیں جو خود ہمارے اپنے ہاتھ میں نہیں ہے، ہم نے یو اے ای میں گذشتہ کچھ عرصے میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلی اور یہاں کی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں لیکن اپنے ملک میں کھیلنے کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے، مجھے پوری امید ہے کہ جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے مصباح نے کہا کہ پی سی بی اسے بہتر سے بہتر بنانے کیلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں فٹنس کلچر کو متعارف کرنا ایک اچھا اقدام ہے، یہ سسٹم فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی رائج ہورہا ہے، اس سے کھیل کا معیار مزید بہتر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔