پشتو گلوکار سردارعلی ٹکر نوبل امن انعام کی تقریب میں پرفارم کریں گے

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
نوبل امن انعام کی تقریب میں تمام پاکستانی لڑکیوں کے لئے گانا گاؤں گا اورتعلیم کے پیغام کو عام کروں گا، سردار علی ٹکر۔ فوٹو؛ ایکسپریس

نوبل امن انعام کی تقریب میں تمام پاکستانی لڑکیوں کے لئے گانا گاؤں گا اورتعلیم کے پیغام کو عام کروں گا، سردار علی ٹکر۔ فوٹو؛ ایکسپریس

پشاور: پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان کے بعد پشتو کے مشہور سنگر سردار علی ٹکر کو بھی نوبل امن انعام کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 

ایکسپریس ٹریبون  کے مطابق سردارعلی ٹکر نوبل امن انعام کی افتتاحی تقریب میں ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ’تا بی بی شیرین اے‘ گانا گائیں گے۔ سردار علی ٹکر نے یہ گانا ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں گولی لگنے کے بعد ان کی بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گایا تھا۔

ایکسپریس ٹریبون سے بات کرتے ہوئے سردار علی ٹکر کا کہنا تھا کہ یہ میرے لئے بہت خوشی اور بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ایک پاکستانی پشتو گلوکارنوبل امن انعام کی تقریب میں پرفارم کرے گا، میں نوبل امن انعام کی تقریب میں تمام پاکستانی لڑکیوں کے لئے گانا گاؤں گا اورتعلیم کے پیغام کو فروغ دوں گا، اس کے لئے  کوئی بھی زبان ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

واضح رہے کہ سردار علی ٹکر نے پہلے ’ تا بی بی شیرین اے‘ سب سے پہلے  وائس آف امریکا کے  ’ریڈیو دیوا‘ پر ملالہ یوسف زئی کے حوالے سے منعقد ایک پروگرام میں گایا اور پھر یہ گانا اس قدر مقبول ہوا کہ اسے پوری دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے استعمال کیا جانے لگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔