ہیوز کی موت پر کرکٹ برادری غم میں ڈوب گئی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 نومبر 2014
کمی شدت سے محسوس کریں گے(کینگرو کوچ) گلکرسٹ، میک گرا، وارن سمیت دنیا بھر کے کرکٹرزوبورڈز کا اظہار افسوس ۔  فوٹو : اے ایف پی

کمی شدت سے محسوس کریں گے(کینگرو کوچ) گلکرسٹ، میک گرا، وارن سمیت دنیا بھر کے کرکٹرزوبورڈز کا اظہار افسوس ۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی: آسٹریلوی کھلاڑی فل ہیوز کی موت پر کرکٹ برادری غم میں ڈوب گئی، لارڈز میں پرچم سرنگوں کردیے گئے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہم ہیوز فیملی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، آسٹریلوی وزیراعظم نے اسے سانحہ قرار دیدیا، کوچ ڈیرن لی مین نے کہا ہم ہیوز کی کمی شدت سے محسوس کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی سر پر باؤنسر لگنے موت واقع ہونے سے دنیائے کرکٹ غم میں ڈوبی ہوئی ہے ، ہوم آف کرکٹ لارڈز میں خاص طور پر پرچم سرنگوں کردیے گئے جبکہ گراؤنڈ کے گریس گیٹ پر شائقین پھول رکھ رہے ہیں۔ ایم سی سی کے صدر ڈیوڈ مورگن نے کہا کہ ہیوز ایک بہترین کرکٹر تھے، بدقسمتی سے اب ہم انھیں ہوم آف کرکٹ پر ایکشن میں نہیں دیکھ پائینگے۔ آئی سی سی کے صدر این سری نواسن نے کہا کہ ہمیں اس خبر سے شدید صدمہ پہنچا، ہم اس مشکل وقت میں ان کی فیملی کے ساتھ ہیں، چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے کہاکہ موجودہ اور سابق پلیئرز سمیت کھیل سے جس کا تھوڑا سا بھی تعلق ہے وہ ہیوز کی وفات پر غم زدہ ہوگا۔ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا کہ یہ ایک سانحہ ہے۔

نوجوان بیٹسمین اپنے خوابوں کیساتھ زندہ تھا، اس واقعے سے ہر ملکی شخص افسردہ ہے۔ کوچ ڈیرن لی مین نے کہا کہ لٹل چیمپئن! ہم شدت سے تمہاری کمی محسوس کرینگے۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ نے ٹویٹر پر کہا کہ ’’ نہیں نہیں نہیں، ریسٹ ان پیس ہیوز‘‘۔ گلن میک گرا نے کہا کہ میرے لیے افسوسناک خبر ہے، شین وارن نے کہا میں اپنی حالت بیان نہیں کرسکتا۔ انگلینڈ ، بھارت ، جنوبی افریقہ سمیت دنیا بھر کے کرکٹرز اور بورڈز نے ہیوز کی فیملی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔