عامر کی واپسی، قومی ٹیم میں ابھی سے بے چینی پھیل گئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 نومبر 2014
عامر کو انٹرنیشنل میچز میں شرکت کا موقع دینے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ شہر یار خان۔ فوٹو: فائل

عامر کو انٹرنیشنل میچز میں شرکت کا موقع دینے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ شہر یار خان۔ فوٹو: فائل

لاہور: اسپاٹ فکسر عامر کی واپسی کا سن کر ابھی سے ہی قومی کرکٹ ٹیم میں بے چینی پھیل گئی۔

پلیئرز نے پیسرکو ناپسندیدہ قرار دیدیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ ڈریسنگ روم میں فاسٹ بولر کے بارے میں چہ مگوئیاں ہورہی ہیں،کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کریں گے،انھوں نے ورلڈکپ میں ٹیم منیجر کا عہدہ پانے کیلیے نوید اکرم چیمہ کو مضبوط امیدوار قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہریار خان نے انکشاف کیاکہ قومی ٹیم کے چند کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پیسر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے سابق کرکٹرز کی باتوں میں وزن ہے، دوسری جانب ڈریسنگ روم سے بھی ان کی مخالفت میں آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ پلیئرز خوش دلی سے محمد عامر کے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں ہونگے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس معاملے میں بھی کوئی جلد بازی نہیں کرنا چاہتے، ابھی تو آئی سی سی کے ترمیم شدہ قانوں کے مطابق پیسر کو پابندی ختم ہونے سے کچھ عرصہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کیلیے کارروائی شروع کی ہے، دیکھنا ہو گاکہ کونسل اس ضمن میں کیا فیصلہ کرتی ہے۔

عامر کو انٹرنیشنل میچز میں شرکت کا موقع دینے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ اس وقت چیف سیکریٹری پنجاب کے طور پر کام کرنے والے نوید اکرم چیمہ ورلڈ کپ میں ٹیم منیجر کے عہدہ کیلیے اولین انتخاب ہیں، البتہ حکومت چاہتی ہے کہ وہ پہلی ذمہ داریاں ہی سنبھالے رکھیں، انھوں نے حکام سے مزید بات چیت کیلیے وقت مانگا ہے، اگر اجازت مل گئی تو معین خان کی جگہ ٹیم منیجر کے طور پر وہی اسکواڈ کے ہمراہ ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔