پی پی 48؛ ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار انعام اللہ نیازی نے کامیابی حاصل کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 30 نومبر 2014
انعام اللہ نیازی 47 ہزار593 ووٹوں سے کامیاب ہوئے جبکہ احمد نواز نوانی 47 ہزار 13 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ فوٹو؛فائل

انعام اللہ نیازی 47 ہزار593 ووٹوں سے کامیاب ہوئے جبکہ احمد نواز نوانی 47 ہزار 13 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ فوٹو؛فائل

بھکر: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 48 کے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار انعام اللہ خان نیازی نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق 47 ہزار 593 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھکر کے حلقے میں ضمنی انتخاب کے لئے مجموعی طور  پر  7 امیدوار میدان میں تھے جب کہ آزاد امیدوار انعام اللہ نیازی اور احمد نواز نوانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق انعام اللہ نیازی 47 ہزار 593 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے جب کہ احمد نواز نوانی  کو صرف 580 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انہوں نے 47 ہزار 13 ووٹ حاصل کئے۔

پی پی 48 بھکر میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزارتھی جن میں 85 ہزار 996 مرد ووٹرز جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 66 ہزار سے زائد تھی۔ ووٹنگ کے لئے حلقے میں 144 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے جن میں سے 14 کو حساس قرار دیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پی پی بھکر 48 کی نشست رواں برس اکتوبر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نجیب اللہ نیازی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔