دفاعی نمائش کیلیے سیکیورٹی اقدامات مکمل، متبادل راستوں کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 نومبر 2014
عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کی تیاریوں کے لیے ایکسپوسینٹر میں کارکن ڈرون طیارے کو نمائش کے لیے تیار کررہے ہیں ، فوجی اہلکار چوکس کھڑا ہے ۔ فوٹو : محمد ثاقب

عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کی تیاریوں کے لیے ایکسپوسینٹر میں کارکن ڈرون طیارے کو نمائش کے لیے تیار کررہے ہیں ، فوجی اہلکار چوکس کھڑا ہے ۔ فوٹو : محمد ثاقب

کراچی: پولیس نے ایکسپو سینٹر کراچی میں یکم تا4 دسمبر تک عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز2014 کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دیدی، ٹریفک پولیس نے نمائش کے دوران متبادل راستوں کا اعلان کیا ہے۔

نمائش  کی حفاظت کیلیے22 ایس ایس پیز،35 ڈی ایس پیز اور30 خواتین پولیس افسران سمیت ساڑھے3 ہزار پولیس افسران و اہلکار اور ریپڈ فورس سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے مرکزی پولیس دفتر میں منعقدہ اجلاس میں پولیس حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز  2014 میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد شریک ہے، نمائش کی سیکیورٹی کو فل پروف بنایا جائے، خفیہ رپورٹوں میں کی جانے والی نشاندہی کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

اس حوالے سے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہا جائے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کو قبل ازوقت ناکام بنادیا جائے، دفاعی نمائش کی حفاظت کیلیے 110 پولیس موبائلیں اور34 موٹر سائیکل سوار دستے  سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں گے جو شارع فیصل ، حسن اسکوائر، اسٹیڈیم روڈ، کارسازاور یونیورسٹی روڈ پر مسلسل گشت کریں گے، ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کے مطابق  عالمی دفاعی نمائش کے موقع پر پر پبلک،کمرشل گاڑیوں کیلیے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا بندوبست کیا ہے ۔

متبادل راستوں کے مطابق وہ ڈرائیور جو کارساز سے غریب آباد بذریعہ اسٹیڈیم فلائی اوور کی جانب جانا چاہتے ہوں وہ کار ساز سے بلوچ کالونی پل سے براستہ شہید ملت ، میڈی کیئر ، جیل چورنگی سے غریب آباد اور نیپا چورنگی جاسکیں گے، وہ ڈرائیور جو غریب آباد سے کارساز کی جانب جانا چاہتے ہیں وہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے پہلے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی کی جانب موڑ کر یونیورسٹی روڈ پر یو ٹرن لے کر جعفری آپٹکس سے کے ڈی اے سوسائٹی نیشنل اسٹیڈیم کے عقب سے ڈالمیا اور اسٹیڈیم روڈ سے ہوتے ہوئے مقررہ مقام اور کارساز جاسکیں گے، اسی طرح نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر آنے والی ٹریفک کو بیت المکرم مسجد سے بائیں جانب موڑ دیا جائے گا جو اسٹیڈیم کے عقب سے ہوتا ہوا اسٹیڈیم روڈ پر آئے گا، اور آغا خان اسپتال یا ابراہیم رحمت اﷲ روڈ سے اپنے مقررہ مقام کی جانب جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے مال بردارگاڑیوں کے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نمائش کے 4 دن براستہ سہراب گوٹھ سے شارع پاکستان اور شیر شاہ سوری روڈ شہر جانے کے لیے استعمال کریں جبکہ یونیورسٹی روڈ سے شہر کی جانب جانے کے لیے نیپا اور راشد منہاس روڈ استعمال کریں ، ٹریفک پولیس نے سرشاہ سلیمان روڈ، اسٹیڈیم کراسنگ سے حسن اسکوائر تک اور حسن اسکوائر سے بیت المکرم مسجد یونیورسٹی روڈ تک گاڑیاں پارک کرنے پر پابندی لگادی ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کراسنگ تک یکم تا 4 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جزوی طور پر بند رہے گا، صرف خصوصی اسٹیکرز لگی گاڑیوں کو اسٹیڈیم فلائی اوور سے ایکسپو سینٹر تک جانے کی اجازت ہوگی دیگر تمام ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا جو کے ڈی اے سوسائٹی ، اسٹیڈیم کے عقب سے گلشن اقبال جعفری آپٹکس سے یونیورسٹی روڈ کی جانب جائے گی ۔

اسی طرح اسٹیڈیم روڈ سے سیدھا ڈالمیا ، میلینئم مال راشد منہاس روڈ جبکہ اسٹیڈیم فلائی اوور سے بائیں جانب دھوراجی ، نیوٹاؤن تھانہ ، پرانی سبزی منڈی اور غریب آباد کو جا سکیں گے،2 دسمبر کو ایوان صدر روڈ شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک جزوی طور پر بند رہے گا اور اس دوران ایوان صدر روڈ پر کسی بھی قسم کی گاڑی گھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہی اوقات میں عبداﷲ ہارون روڈ،سندھ کلب چوک تا فوراہ چوک تک پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی ،ڈرائیور کلب روڈ اور دین محمد فدائی روڈ (پی آئی اے بکنگ آفس) سے شاہین کمپلیکس کی جانب جا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔