مخدوم شاہ محمودقریشی سے سجادہ نشینی واپس لے لی گئی

آئی این پی  اتوار 30 نومبر 2014
شاہ محمود قریشی کے بھائی نے درگاہ حضرت بہاؤالدین زکریا اورشاہ رکن عالم کی سجادہ نشینی سے ہٹانے کااعلان کیا۔۔ فوٹو: فائل

شاہ محمود قریشی کے بھائی نے درگاہ حضرت بہاؤالدین زکریا اورشاہ رکن عالم کی سجادہ نشینی سے ہٹانے کااعلان کیا۔۔ فوٹو: فائل

ملتان: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم مریدحسین قریشی نے اپنے بڑے بھائی اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کودرگاہ حضرت بہاالدین زکریااور درگاہ حضرت شاہ رکن عالم کی سجادہ نشینی سے ہٹانے کااعلان کردیا۔

ہفتے کوملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریدحسین قریشی نے کہاکہ والدکی وفات کے بعدانھوں نے دستارپہنا کر شاہ محمودقریشی کودرباروں کی ذمے داری سونپی لیکن انھوں نے درباروں کو سیاست کے لیے استعمال کرناشروع کردیا۔ شاہ محمود قریشی نے 17سال درگاہوں کی سجادہ نشینی کی اورانھوں نے ان کوبرداشت کیالیکن اب نہ صرف مریدین شکایات کرتے ہیں بلکہ ان کی سیاست کی وجہ سے عرس حضرت بہاالدین زکریاکے موقع پرکئی برس سے زکریایونیورسٹی میں جاری زکریاسیمینار منسوخ ہو گیا ہے۔

جماعت غوثیہ ہرماہ درگاہوں سے 50لاکھ روپے اکٹھے کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف کے ایڈمنسٹریٹر محمود الحسن پی ٹی آئی کے رکن بن چکے ہیں۔ مرید حسین نے کہاکہ اپنی غلطی کااحساس ہونے پروہ شاہ محمودقریشی سے درگاہ حضرت بہاالدین زکریااور درگاہ حضرت شاہ رکن عالم کی سجادہ نشینی واپس لے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔