فلپ ہیوز کی 26 ویں سالگرہ پر آسٹریلوی کرکٹرز غمزدہ

اسپورٹس ڈیسک  پير 1 دسمبر 2014
آنجہانی کو ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے اسکور کارڈ میں 63 ناٹ آؤٹ ہمیشہ کو یقینی بنادیا گیا۔ فوٹو: فائل

آنجہانی کو ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے اسکور کارڈ میں 63 ناٹ آؤٹ ہمیشہ کو یقینی بنادیا گیا۔ فوٹو: فائل

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے آنجہانی کرکٹر فلپ ہیوز کو خصوصی ٹریبیوٹ پیش کیا ہے، ان کے آخری میچ کے اسکور کارڈ میں ردوبدل سے یقینی بنایا کہ وہ ہمیشہ 63 رنز ناٹ آؤٹ رہیں، کپتان مائیکل کلارک نے بھی ہیوز کی 26 ویں سالگرہ پر انھیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہیوز میرے لیے چھوٹے بھائی جیسا تھا۔ تفصیلات کے مطابق شیفلڈ شیلڈ میچ میں جب سین ایبٹ کا باؤنسر گردن پر لگنے سے فل ہیوز چکرا کر نیچے گرے تو اس وقت وہ 63 رنز پر کھیل رہے تھے وہیں سے انھیں اسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد اسکور کارڈ پر ان کے نام کے آگے ریٹائرڈ ہرٹ لکھا گیا لیکن چونکہ ان کی جگہ پر کوئی دوسرا بیٹنگ کے لیے نہیں آیا اور بعد میں میچ منسوخ کردیا گیا اس لیے کرکٹ آسٹریلیا نے ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ان کے نام کے آگے ناٹ آؤٹ درج کردیا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہیوز ہمیشہ کیلیے 63 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ واضح رہے کہ فل ہیوز اگر زندہ ہوتے تو وہ اتوار کے روز اپنی 26 ویں سالگرہ مناتے، اس دن کی مناسبت سے کپتان مائیکل کلارک نے اپنے دوست کو اخباری کالم میں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ دونوں کی ملاقات پہلی بار تب ہوئی تھی جب ہیوز 17 برس کے تھے اور وہ اپنے گاؤں میکس ویلے سے کلب کرکٹ کھیلنے سڈنی آئے تھے۔

کلارک کہتے ہیں کہ میری اس سے پہلے ملاقات ہوئی تو میں نے اس کو زندگی سے بھرپور لڑکا پایا جوکہ چھوٹی چھوٹی چیزوں سے کھل کر لطف اندوز ہوتا تھا ، ٹیم میں شامل ہونے اور پھر ڈراپ ہونے یا موقع ملنے کی صورت میں بہتر نہ کھیل پانے کے باوجود کبھی بھی میں نے اس کو مایوس نہیں دیکھا، میں کوئی حقیقی بھائی نہیں تھا مگر مجھے فخر ہے کہ میں فل ہیوز کو اپنا چھوٹا بھائی سمجھتا تھا، انھوں نے کالم  میں لکھا کہ ’’ ہیوز تمھاری کمی ہمیشہ رہے گا، میں تمھیں کبھی نہیں بھول پاؤں گا ، سالگرہ مبارک ہو بھائی‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔