ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کا تیسری پوزیشن پر قیام عارضی رہا

اسپورٹس ڈیسک  پير 1 دسمبر 2014

دبئی: ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر پاکستان کا قیام عارضی ثابت ہوا، نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹیسٹ میں شرمناک شکست نے چوتھے نمبر پر پہنچا دیا، کیویز نے سیریز برابر کرکے ایک ریٹنگ پوائنٹ حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے کیا جوکہ اس نے آسٹریلیا کے خلاف دو میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سے حاصل کی تھی۔ کیویز کے خلاف پاکستان نے دبئی میں 248 رنز کی کامیابی حاصل کی اور پھر دبئی میں دونوں میں مقابلہ ڈرا ہوا لیکن شارجہ میں گرین کیپس اپنی گرفت کھو بیٹھے اور نتیجہ ایک اننگز اور 80 رنز کی شرمناک شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔

اس سے پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس 105 سے 103 رہ گئے اور وہ تیسری سے چوتھی پوزیشن پر چلا گیا جبکہ 104 پوائنٹس کی بدولت انگلینڈ تیسرے نمبر پر آگیا، اس کامیابی سے کیویز کو صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ ملا جس سے اس کی ساتویں پوزیشن تو برقرار رہی مگر چھٹے نمبر پر موجود بھارت سے فاصلہ صرف دو پوائنٹس کا رہ گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔