امریکا میں 10 لاکھ موتیوں سے مزین دنیا کا سب سے بڑا شادی کا لباس تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 4 دسمبر 2014
 لباس کی تیاری میں 20 ہزار گھنٹے لگے جب کہ 22 دن اس کی سلائی اور کڑھائی کے کام میں صرف ہوئے،خاتون ڈیزائنر

لباس کی تیاری میں 20 ہزار گھنٹے لگے جب کہ 22 دن اس کی سلائی اور کڑھائی کے کام میں صرف ہوئے،خاتون ڈیزائنر

نیویارک: یوں تو برصغیر پاک و ہند میں میں شادی کے لباس انتہائی خوبصورت اور قیمتی ہوتے ہیں اور پھر بھی لوگ نت نئے ڈیزائن کے متلاشی رہتے ہیں لیکن یہ سن کر آپ حیران ہوں گے امریکا میں بھی اب تیار کر لیا گیا ہے ایک ایسا شادی کا لباس جو 10 لاکھ موتیوں سے مزین ہے۔

امریکی شہر ایڈینا میں خاتون فیشن ڈیزائنر گیل بی نے 3 سال کی کاوش کے بعد اپنا تیار کردہ دلکش اور حیرت انگیز شادی کا لباس میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے اس لباس کی تیاری میں 10 لاکھ موتی جبکہ اس کی نقش نگاری کے لیے 7 میل لمبی تار کا استعمال کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ  لباس کا وزن 172 کلوگرام ہے اور یہ 20.5 فٹ لمبا ہے۔

ڈیزائنرگیل بی کا کہنا تھا کہ انہیں اس لباس کی تیاری میں 20 ہزار گھنٹے لگے جب کہ 22 کاریگروں نے اس کی تیاری میں حصہ لیا ، لباس کے لیے قیمت کی پرواہ کئے بغیر موتی پوری دنیا سے جمع کئے  اور ان  میں 5 لاکھ شیشے اور 4 لاکھ کرسٹل موتی شامل ہیں جس سے لباس میں ایک خاص چمک اور دلکشی پیدا ہوگئی ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ ایسا بڑا شادی کا لباس کبھی کسی نے تیار نہیں کیا اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا جائےگا۔

گیل بی نے 30 سال قبل فیشن ڈیزائننگ کے کام کا آغاز کیا اور کچھ عرصے میں مینیسوٹا میں ہونے والا اسٹیٹ فیئر ایوارڈ جیتا، بدقسمتی سے وہ 1990 میں بینائی سے محروم ہو گئیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور موتیوں سے اپنا تعلق جوڑے رکھا، کچھ عرصے بعد جدید ٹیکنالوجی ’کومیل ٹرانسپلانٹ‘ کی بدولت ان کی بینائی واپس آگئی اور وہ ایک  بار پھر اپنے شعبے سے منسلک ہوگئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔