عید سے قبل نیا الیکشن اور نیا پاکستان بنے گا، عمران خان

ویب ڈیسک  منگل 2 دسمبر 2014
کسی کو نہیں معلوم کہ میرے پاس مزید کتنے پلان موجود ہیں   عمران خان  فوٹو: آغا مہروز/ ایکسپریس

کسی کو نہیں معلوم کہ میرے پاس مزید کتنے پلان موجود ہیں عمران خان فوٹو: آغا مہروز/ ایکسپریس

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف میرے خلاف اشتہارات پر جتنا مرضی پیسہ خرچ کرلیں انہیں عزت نہیں ملے گی اور عید سے قبل نیا الیکشن اور نیا پاکستان بنے گا۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے ایسا کون سا اچھا کام کیا ہے کہ حکومت میرے متعلق اشتہار چلا رہی ہے تاہم وزیر اعظم نواز شریف جتنا مرضی پیسہ خرچ کرلیں انہیں عزت نہیں ملے گی اور عید سے قبل نیا الیکشن اور نیا پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف تمام سیاسی پارٹیاں اکٹھی ہوگئی ہیں اور کہا جاتا ہے میں تنہا ہوگیا لیکن جدھر جاتا ہوں لوگوں کا سمندر امڈ آتا ہے، کسی کو نہیں معلوم کہ میرے پاس مزید کتنے پلان موجود ہیں اور آئندہ اس دھاندلی شدہ حکومت اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف مزید سخت زبان استعمال کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام نے دھرنے میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور ہم اقتدار میں آئے تو دیگر بیرونی قرضوں پر پابندی کے لئے آئین میں ترمیم کریں گے، اپنے نام پر اثاثے نہ رکھنے والوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں گے اور پشاور اور کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں خواتین کے لئے پارک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں اقتدار میں ہوتا تو دہشت گردوں کے خلاف کبھی قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھجواتا، قبائلی عوام خود ہماری فوج ہیں اس لئے ان ہی سے کام لیتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔