پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائیگا

اسپورٹس ڈیسک / ویب ڈیسک  بدھ 3 دسمبر 2014
سہل پسندی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، کیویز کا شکار کرنا ہے تو اپنے قدموں پر ڈٹ کرکھڑا رہنا ہوگا، آفریدی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

سہل پسندی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، کیویز کا شکار کرنا ہے تو اپنے قدموں پر ڈٹ کرکھڑا رہنا ہوگا، آفریدی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

دبئی: ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان کا گیئر تبدیل ہو گیا اور ٹیم سلو سے فاسٹ ٹریک پر آگئی جب کہ  گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا۔

گرین شرٹس شارجہ کی شکست کا حساب دبئی میں چکتا کرنے کیلیے پُرعزم ہے اور اس کے لئے عمر گل کو ٹیم میں واپس بلالیا گیا ہے جب کہ کپتان شاہد آفریدی نے خبردارکیاکہ کسی بھی قسم کی سہل پسندی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے،کیویز کا شکار کرنا ہے تو اپنے قدموں پرڈٹ کر کھڑا رہنا ہوگا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن ابھی تک آخری ٹیسٹ کی فتح کے نشے میں گم ہیں، انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم نے انتہائی ہوشیاری سے پاکستانی دباؤ کا توڑ کیا، اب محدود اوورز کے میچز میں بھی اسی پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دبئی میں ڈیرے ڈال چکیں جہاں اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں جمعرات اور جمعے کو2 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، گذشتہ روز گرین شرٹس نے نیٹ پریکٹس بھی کی۔ تازہ دم کمک کے پہنچنے سے میزبان کیمپ میں زندگی کی نئی لہر دوڑ چکی جبکہ عمر گل کی واپسی سے بولنگ اٹیک میں بھی جان پڑگئی ہے۔30 سالہ فاسٹ بولر گھٹنے کی تکلیف کے باعث رواں برس بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد سے کھیل سے دور تھے، وہ مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہیں۔ قومی ٹیم میں عمر گل کے علاوہ حارث سہیل اور سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے جب کہ عمر امین ، صہیب مقصود اور بلاول بھٹی کو آرام دیا گیا ہے جب کہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، انور علی، محمد حفیظ، محمد عرفان، اویس ضیا، رضا حسن، سعد نسیم، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عمر اکمل اور وہاب ریاض شامل ہیں جن میں سے 11 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔

گرین شرٹس اب تک نیوزی لینڈ کو اس طرز کے 9 باہمی میچز میں سے 6 میں شکست دے چکے،ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کے پاس ہے اگرچہ دوبارہ کپتان مقرر ہونے کے بعد آسٹریلیا سے انھیں اکتوبر میں دبئی میں ہی 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ کھیل کیلیے پُرعزم ہیں، اس کے ساتھ ہی انھوں نے پلیئرزکو بھی خبردار کیاکہ وہ کیویز کو کسی صورت کمزور نہ سمجھیں،ان کو شکست دینے کیلیے پوری قوت صرف کرنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔