عامرکی واپسی کے خلاف مزید صدائیں بلند ہونے لگیں

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 4 دسمبر 2014
پیسر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کا کبھی خیرمقدم نہیں کروں گا، عاقب جاوید  فوٹو: فائل

پیسر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کا کبھی خیرمقدم نہیں کروں گا، عاقب جاوید فوٹو: فائل

دبئی: فکسنگ میں ملوث فاسٹ بولر عامرکی کرکٹ میں واپسی کے خلاف مزید صدائیں بلند ہونے لگیں، سابق پیسر عاقب جاوید نے بھی ان پر کھیل کے دروازے کھولنے کی مخالفت کردی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بورڈ کو دوسروں کے لئے مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا میں ان لوگوں میں سے ہوں جنھوں نے کھیل کو کرپشن سے صاف کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کیا، میں نے خود اپنے کچھ دوستوں اور کھلاڑیوں کے خلاف شواہد پیش کیے۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ 1990 کی دہائی میں کچھ پاکستانی کھلاڑی فکسنگ میں ملوث رہے جو جان بوجھ کر ہارنے کیلیے کھیلا کرتے تھے، انھوں نے عامر کی کرکٹ میں واپسی کو بھی غلط قرار دیا تھا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی کرپشن کے خلاف رہا، یہ کھیل کے لیے اچھی چیز نہیں، میں رمیز راجہ سے اتفاق کرتا ہوں، بورڈ کو لازمی طور پر ایک سخت مثال قائم کرنا ہوگی، جب آپ کوئی فیصلہ کریں تو پھر اس پر ثابت قدم رہنے کی بھی ضرورت ہوتی  ہے، میں کبھی عامر کی انٹرنیشنل لیول پر واپسی کا خیرمقدم نہیں کروں گا۔

ایک سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ رمیز کی یہ بات درست ہے کہ 1990 کی دہائی کے وسط میں کچھ گڑبڑ ہوتی تھی، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں خود4،3 کے خلاف کورٹ میں گیا تھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ اب کافی سختی ہوگئی اس کے باوجود چند برس قبل تک فکسنگ ہوتی رہتی تھی، یہ کھیل کے لئے کافی مضر اور میں اس کے خلاف ہوں ،انھوں نے کہا کہ جب آئی سی سی کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اختیار کرے تو پھر اس پر کاربند بھی رہنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔