ترکی کی پاکستان کو جدید الیکٹرونک ووٹنگ ٹیکنالوجی دینے کی پیشکش

کاشف حسین  جمعرات 4 دسمبر 2014
کراچی: ترک کمپنی کا نمائندہ ووٹنگ مشین کے بارے میں بریفنگ دے رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ترک کمپنی کا نمائندہ ووٹنگ مشین کے بارے میں بریفنگ دے رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ترکی نے پاکستان میں شفاف انتخابات کے لیے جدید ترین الیکٹرونک ووٹنگ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ ایکوپمنٹ کی خریداری کے لیے ترکی کا ایگزم بینک سرمایہ بھی فراہم کرے گا۔

ترک ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے دھاندلی کے  امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں سسٹم کو پاکستان کے حالات اور بائیومیٹرک تصدیق کے نظام(نادرا ڈیٹا بیس) سے بھی منسلک کیا جاسکتا ہے۔ یہ نظام ترکی کی مسلح افواج اور دیگر سرکاری اداروں میں آٹومیشن کرنے والے سرکاری ادارے HAVELSANنے تیار کیا ہے جو ترکی میں کامیابی کے ساتھ استعمال ہورہا ہے۔

الیکٹرانک مشین کے ذریعے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں ووٹ کاسٹ کیا جاسکتا ہے ووٹنگ کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد بارکوڈ پر مشتمل ایک خالی کارڈ جاری کیاجاتا ہے جسے مشین میں داخل کردیا جاتا ہے۔

ووٹ کاسٹ کرنے والے کو مشین میں نصب ڈسپلے اسکرین کے ذریعے اپنی پسندیدہ سیاسی جماعت اور اس کے نامزد امیدوار کو منتخب کرنا ہوتا ہے اور حتمی اندراج کے بعد مشین میں داخل کردہ کارڈ پر ووٹ کاسٹ کیے جانے کی تصدیق اور منتخب کردہ جماعت یا امیدوار کا نشان پرنٹ ہوجاتا ہے اس کارڈ کو مشین سے منسلک بیلٹ باکس میں ڈال دیا جاتا ہے اس طرح مشین میں الیکٹرانک ووٹنگ کے ساتھ مینوئل ووٹ کا ریکارڈ بھی مرتب کرتا ہے اس طرح پولنگ کے اختتام پر مشین اور مینوئل ووٹوں کی گنتی اور تصدیق کرکے حتمی نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے۔

یہ مشین صرف تین منٹ میں نتائج مرتب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ نتائج مرتب کرنے اور ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے فول پروف ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ ترک ادارے کے پاکستان میں نمائندے طارق عزیز نے بتایا کہ مشین کی ابتدائی لاگت ایک لاکھ روپے پاکستانی ہے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سمیت سندھ حکومت کے حکام سے آئندہ چند روز میں اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔