حکومت کی جانب سے پذیرائی نہ ملنا افسوسناک ہے، محمد سجاد

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 5 دسمبر 2014
حکومت عالمی اور ایشیائی اعزازات پر انعامات کی مد میں مجموعی طور پر واجب الادا 2 کروڑ روپے ادا کرے، محمد سجاد۔ فوٹو؛ فائل

حکومت عالمی اور ایشیائی اعزازات پر انعامات کی مد میں مجموعی طور پر واجب الادا 2 کروڑ روپے ادا کرے، محمد سجاد۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی پانے والے قومی کیوئسٹ محمد سجاد نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود حکومتی پذیرائی نہ ملنا افسوسناک ہے۔

کراچی جیم خانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی نمبر 2 کیوئسٹ محمد سجاد کا کہنا تھا کہ عالمی اسنوکر مقابلوں میں ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی روز بروز بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان کو عالمی اعزاز بھی مل رہے ہیں مگر بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے بے توجہی برتی جا رہی ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو قومی کھلاڑی بددل ہو جائیں گے۔ محمد سجاد نے کہا کہ بھارتی شہر بنگلور میں منعقدہ آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں سلور میڈل کے حصول سے میں قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت 50 لاکھ روپے کے انعام کا حقدار ہوگیا ہوں، حکومت عالمی اور ایشیائی اعزازات پر انعامات کی مد میں مجموعی طور پر واجب الادا 2 کروڑ روپے ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ قومی اسپورٹس پالیسی کے مطابق سابق عالمی چیمپئن محمد آصف بھی مجموعی طور پر2 کروڑ 70 لاکھ روپے انعام کے منتظر ہیں، وزیر اعظم نواز شریف وعدے کے مطابق قومی کھلاڑیوں کو حق دلانے میں کردار ادا کریں۔ دریں اثنا پاکستان بلیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہاکہ عالمی ایونٹس میں گولڈ اور سلور میڈلز کے حصول پر انعام کھلاڑیوں کا قانونی حق ہے، دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی حق تلفی کے باوجود ہمت نہیں ہاریں گے اور انٹرنیشنل ایونٹس میں کامیابیوں کے لیے کوشاں رہیں گے، انھوں نے کہا کہ حکومت کے تحت ایسوسی ایشن کو گرانٹ کا اجرا کیا جائے جب کہ پی او اے کا رکنیت دینے سے گریز حیران کن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔