کیموتھراپی دوائیں اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کی قلت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 دسمبر 2014
دوائیں نہ ملنے سے کینسر کے مریضوں کی شرح اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے،حکومت نے دوا کے حوالے سے کوئی متبادل اقدامات نہیں کیے ہیں، ماہر امراض خون۔ فوٹو: فائل

دوائیں نہ ملنے سے کینسر کے مریضوں کی شرح اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے،حکومت نے دوا کے حوالے سے کوئی متبادل اقدامات نہیں کیے ہیں، ماہر امراض خون۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملک میں کینسرکے مریضوں کی کیموتھراپی میں استعمال کی جانے والی دوا کی شدید قلت ہوگئی جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں نے جان بچانے والی دواؤں کی  ترسیل بھی بند کردی ہے، ان میں بچوں کی حفاظتی ویکسین بھی شامل ہے۔

کیموتھراپی دوا ناپید ہونے سے کینسرکے مریضوں کی زندگی کوشدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق ملک میں کینسرکے مریضوں کی جانے والی کیموتھراپی کی 12اقسام کی دوائیں ناپید ہوچکی ہیں، ادویات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پاکستان میں معقول منافع نہ ملنے کی وجہ سے ان ادویات کی فراہمی مکمل طور پر بندکردی ہے ان 12 ادویات میں Vesenoid، Hydrea، Cytosar، endoxan، Myeleran، ABVD سمیت دیگرکیموتھراپی میں استعمال کی جانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں کینسرکی ادویات کا بحران شدت اختیارکرنے کے بعد کینسرکے مرض میں مبتلا مریضوں اوران کے اہلخانہ میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے جبکہ ان مریضوں کی زندگیوں کوبھی شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں لیکن حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام نے انسانی زندگیوں کو خطرات لاحق ہونے کے باوجود چپ ساد رکھی ہے اورجان بچانے والی دواؤں کی پاکستان میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

ان کمپنیوں نے بچوں کو لگائے جانیوالے حفاظتی ٹیکے جات کی فراہمی بھی بندکررکھی ہے مارکیٹ میں بچوں کو نمونیہ، گردن توڑ بخار، فلو، ٹائیفائیڈ سمیت دیگر حفاظتی ویکسین بھی ناپید ہوچکی ہے  6ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی بچوں کی حفاظتی ویکسین مارکیٹ میں ناپید ہیں، ماہر امراض خون و کینسر ڈاکٹر طاہر ایس شمسی کا کہنا ہے کہ کینسر کی ادویات کی سپلائی پاکستان میں بند کردی گئی ہیں۔

معالجین کو ان مریضوں کے علاج کے لیے شدید دشواریوں کا سامنا ہے کیونکہ پاکستان میں یہ تمام ادویات بیرون ممالک سے منگوائی جاتی ہیں یا پھر اسمگل ہوکر پاکستان میں فروخت کی جاتی ہیں لیکن کینسر کی ان ادویات کا کوئی متبادل نہ ہونے سے مریضوں کی زندگیوں کوشدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، ان کا کہنا تھا ملک میں دوائیں نہ ملنے سے کینسرکے مریضوں کی شرح اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔