عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 دسمبر 2014
عدالتی حکم کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں، مدعی کی درخواست   فوٹو: فائل

عدالتی حکم کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں، مدعی کی درخواست فوٹو: فائل

اسلام آباد: مقامی عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 13 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ 

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے بیماری اور سیکورٹی خدشات کی بنا پر ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔ جس پر مدعی کے وکیل ملک عبدالحق نے اپنے اختلافی دلائل میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔

فریقین کی جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پرویزمشرف کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 13 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔