امیتابھ بچن دلیپ کمار سے بھی بہتر اداکار ہیں، نصیرالدین شاہ

نیٹ نیوز  اتوار 7 دسمبر 2014
دلیپ اور بچن دونوں اداکاری کے ادارے ہیں، بطور سپراسٹار امیتابھ نے لمبی اننگز کھیلی، نصیرالدین شاہ  فوٹو: فائل

دلیپ اور بچن دونوں اداکاری کے ادارے ہیں، بطور سپراسٹار امیتابھ نے لمبی اننگز کھیلی، نصیرالدین شاہ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن بذات خود دلیپ کمار کی اداکاری کے زبردست مداح ہیں اور انھیں اداکاری کا ادارہ کہتے ہیں تاہم بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے لیے معروف اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بھی بہتر اداکار ہیں۔ 

بھارتی اخبار ’’دی ٹائمز آف انڈیا ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا ’’میرے خیال میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بہتر اداکار ہیں کیونکہ ایک آرٹسٹ کے طور پر ایک سپر اسٹار کے طور پر ان کی زیادہ لمبی اننگز رہی دونوں ہی اداکاری کے اسکول ہیں لیکن امیتابھ بہتر ہیں‘‘۔ تاہم نصیرالدین شاہ، ہندی سنیما میں دلیپ کمار کے کردار کو امیتابھ بچن سے زیادہ تسلیم کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا ’’بمل رائے جیسے کلاسک ڈائریکٹر کی فلموں کو دلیپ کمار نے اپنی اداکاری سے عوام تک پہنچایا‘ ان معنوں میں ان کا تعاون زیادہ ہے‘‘۔ امیتابھ بچن کی اس قدر تعریف کے بعد نصیرالدین شاہ کو ان سے ایک شکایت بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ امیتابھ بچن اتنے با اثر ہو چکے تھے کہ وہ فلم انڈسٹری میں مثبت تبدیلی کر سکتے تھے اس کی ہیت اور سمت و رفتار کو تبدیل کر سکتے تھے لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا وہ پاپ کارن سنیما سے آگے ہی نہیں بڑھ پائے‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس سب کے باوجود ایک اداکار کے طور پر امیتابھ کی عظمت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب امیتابھ بچن نے برملا کئی بار اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑا انعام دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ نصیرالدین شاہ نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’’کرما‘‘ میں کردار نبھایا تھا جب کہ فلم ’’شکتی‘‘ میں امیتابھ نے دلیپ کمار اور امیتابھ آمنے سامنے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔